کسی بھی قسم کی غیر حاضری صرف اعلیٰ افسر کی پیشگی اجازت سے مشروط:حکومت
سری نگر//حکومت نے انڈر سکریٹری رینک سے اوپر کے تمام افسران اورملازمین سے جموںاورسری نگر میں منعقد ہونے والی یومِ آزادی کی مرکزی تقریبات میں شرکت کیلئے کہا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق انتظامیہ سیکرٹریوں،محکموں کے سربراہان،منیجنگ ڈائریکٹروں کویہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ماتحت افسران اور اہلکاروں کی 15اگست کویوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کو یقینی بنائیں۔حکومت کے پرنسپل سیکرٹری منوج کمار دویدی کی جانب سے 5اگست2022کوجاری کردہ ایک سرکاری سرکیولر زیر نمبر 28-JK(GAD)آف2022میں جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کو انڈر سکریٹری کے عہدے سے اوپر کے تمام عہدیداروں کو جموں اور سری نگر میں15 اگست کو یوم آزادی کی مرکزی تقریبات میں شرکت کرنے کی ہدایت دی ہے۔حکومت نے جاری سرکیولر میں یہ بھی کہا کہ کسی بھی قسم کی غیر حاضری صرف اپنے اعلیٰ افسر کی پیشگی اجازت سے ہی جائز ہوگی۔سرکیولر میں لکھاگیا ہے کہ یوم آزادی ایک اہم قومی تقریب ہے جو ہر سال15 اگست کو منایا جاتا ہے۔ تمام سرکاری ملازمین کا فرض ہے کہ وہ ہماری قوم کی تاریخ کے ایک اہم موڑ کی یاد منانے میں حصہ لیں۔سرکیولر میں مزیدمیں لکھا گیا ہے کہ سری نگر اور جموں میں تعینات یونین ٹیریٹری میں انڈر سیکریٹریز کے رینک سے اوپر کے تمام افسران نیز تمام سرکاری ملازمین کواپنی سرکاری ڈیوٹی کے حصے کے طور پر جموں و کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وار سری نگر اور مولانا آزاد اسٹیڈیم جموںمیں جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں شرکت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام انتظامی سیکرٹریوں، محکموں کے سربراہان، پبلک سیکٹر اداروں کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹوز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے اور سری نگر اور جموں میں تعینات تمام افسران اور اہلکاروں کو اس تقریب میں شرکت کو یقینی بنائیں۔










