پٹن میں 2خودساختہ سیاسی کارکن گرفتار ,رقم واپس مانگنے پر لوگوں کوڈرانے دھکمانے کابھی الزام،تفتیش جاری:پولیس
بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے سرکاری نوکریاں دلانے کے بہانے لوگوں کو ٹھگنے والے گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے 2 خود ساختہ سیاسی کارکنوں کوگرفتارکیا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے ہفتے کے روز کہا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے پٹن علاقے میں2 افراد کو، جو خود کو سیاسی کارکن ظاہر کرتے ہوئے، لوگوں کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کے بہانے دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ11 جنوری2023 کوپولیس کو اطلاع ملی کہ پٹن کے علاقے سے تعلق رکھنے والے2 خود ساختہ سیاسی کارکن اس یقین دہانی پرلوگوں سے رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ سرکاری نوکریوں کا بندوبست کریں گے اور بعدازاں یہ جعلساز رقوم ہڑپنے کیلئے لوگوںکوجعلی تقرری کے آرڈر دے رہے ہیں اورساتھ ہی نوکریوں کیلئے رقم دینے والے لوگوں کو دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اطلاع ملتے ہی بارہمولہ پولیس حرکت میں آگئی اور فوری طور پر تھانہ پٹن میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیاگیا۔پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران، پولیس نے تمام تکنیکی اور انسانی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے اور بھرپور کوششوں کے بعد عبید نذیر صوفی اور محمد اقبال نامی2ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس نے کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ یہ گھپلے باز محکمہ پولیس میں نوکری دلانے کے بہانے عام لوگوں کو دھوکہ دے رہے تھے اور ان سے بھاری رقم لے رہے تھے۔پولیس کے مطابق نوکری کے خواہشمند افراد نے جب ملازمت نہ ملنے پر رقم واپس مانگنا شروع کیا توملزمان اُنہیں دھمکیاں دیتے تھے۔پولیس کے کہاکہ دونوں ملزمان سلاخوں کے پیچھے ہیں اور اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔










