سری نگر//وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ستیش شرما نے جموں و کشمیر بھر میںشمسی توانائی کے اِستعمال کو تیز کرنے کے لئے حکومت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ جاری اور مجوزہ سولرمنصوبوں سے متعلق تمام مسائل کو وقت پر حل کیا جائے۔جموں و کشمیر سولر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے وزیرموصوف سے ملاقات کی اور خطے میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے وفد کو حکومت کی طرف سے بالخصوص دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں روف ٹاپ سولر سسٹم کی تنصیب میں سہو لیت فراہم کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے شمسی توانائی کی تزویراتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صاف توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینا حکومت کے اس ویژن کا مرکزی حصہ ہے جس کا مقصد ایک دیرپا، توانائی کے لحاظ سے مؤثر اور ماحولیاتی طور پر ذِمہ دار جموں و کشمیر کی تعمیر کرناہے۔اُنہوں نے کہا کہ شمسی توانائی کو اَپنانے میں اِضافے سے نہ صرف توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ توانائی کے روایتی ذرائع پر انحصار بھی کم ہو گا۔ستیش شرما نے فعال طرزِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ ایسوسی ایشن کے تمام زیر اِلتوأ مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے۔ اُنہوں نے اِس بات پرزور دیا کہ منظوریوں، کلیئرنس یا عمل درآمد میں تاخیر کو فوری طور پر دُور کیا جائے تاکہ پورے یونین ٹیریٹری میں سولرمنصوبوں پر بلا رکاوٹ عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ سرکاری محکموں، عمل آوری ایجنسیوں اور نجی شراکت داروں کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنایا جائے تاکہ رُکاوٹوں کو ختم کر کے سولر اقدامات کو تیز کیا جا سکے۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت قابلِ تجدید توانائی کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن پالیسی اور اِنتظامی تعاون فراہم کرے گی۔اُنہوں نے جامع ترقی کے اَپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دُور دراز اور پسماندہ علاقوں تک شمسی توانائی کے فوائد پہنچانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صاف توانائی کے حل تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔وفد نے وزیر ستیش شرما کی فیصلہ کن قیادت اور فعال مداخلت کو سرا ہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی مسلسل حمایت سے جموں و کشمیر میں سولر سیکٹر کی ترقی کو نمایاں فروغ ملے گا۔










