سب انسپکٹر بھرتی کیلئے مخصوص امتحانی سوالنامے افشاء ہونے کا گھوٹالہ

سب انسپکٹر بھرتی کیلئے مخصوص امتحانی سوالنامے افشاء ہونے کا گھوٹالہ

CBIنے لائی تحقیقات میں تیزی، جموںمیںسرکاری ٹیچر اورایک پولیس کانسٹیبل سمیت 3ملزمان گرفتار

سری نگر//جموں وکشمیر پولیس میں سب انسپکٹروںکی بھرتی کیلئے منعقدہ امتحانات کیلئے مخصوص سوالناموں کے افشاء ہونے کے معاملے میں سخت کارروائی کرتے ہوئے، مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے ایک سرکاری ٹیچر اور ایک پولیس کانسٹیبل سمیت تین ملزمین کو پوچھ گچھ کیلئے گرفتار کیا کیونکہ یہ ثابت ہوا کہ وہ لیک یاقبل ازوقت افشاء ہونے والے سوالناموں کو بھاری رقم میں فروخت کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔ جموں و کشمیر سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ کے بارے میں تازہ ترین تازہ کاری میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے تین افراد کو گرفتار کیا ۔ جے کے این ایس کے مطابق سی بی آئی نے سب انسپکٹر کے عہدوں کے امتحان میں بدعنوانی کے الزام میں33 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے2 دن بعد یہ بات سامنے آئی ہے۔پولیس کانسٹیبل رمن شرما، اکھنور کے پولیس کانسٹیبل سریش کمار اور اکھنورکے ہی سرکاری ٹیچر جگدیش شرما کو سی بی آئی نے گرفتار کیا ہے۔ منگل کو تینوں ملزمان کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے۔ سی بی آئی نے کئی ڈیجیٹل آلات اور دستاویزات کو ضبط کیا ہے اور جموں و کشمیر میں ایس آئی کی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں پر جموں میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے منگل کو جموں میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے جب جموں و کشمیر سب انسپکٹر بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام میں 33 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈکے سابق چیئرمین خالد جہانگیر اور جے کے ایس ایس بی کے کنٹرولر امتحانات اشوک کمارکے رہائشی مکانات کی بھی تلاشی لی گئی۔سی بی آئی نے جموںو سری نگرکے علاوہ ہریانہ میں کرنال، مہندر گڑھ، ریواڑی؛ گجرات میں گاندھی نگر؛ دہلی؛ اتر پردیش میں غازی آباد اور کرناٹک میں بنگلورو میں تلاشی لی۔سابق ڈپٹی جموں و کشمیر کے پی آر او سمیت کئی لوگ جانچ کی زد میں تھے۔ چھاپے منگل کی صبح شروع ہوئے اور سی بی آئی نے ایک درجن سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے۔ جموں کے ڈومانہ علاقے اور جموں کے اکھنور سب سیکٹر کے کھوڈ علاقے میں چھاپے مارے گئے۔سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے جموں و کشمیر انتظامیہ کی درخواست پر 33 ملزمان کیخلاف 27مارچ 2022 کو جموں و کشمیر پولیس میں سب انسپکٹرز کے عہدوں کے لئے جے اینڈ کے سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے ذریعہ کرائے گئے تحریری امتحان میں بے ضابطگیوں کے الزام میں 5،اگست2022کوایک مقدمہ درج کیا ۔سی بی آئی نے مزید مطلع کیا کہ ملزم نے جے کے ایس ایس بی کے عہدیداروں، بنگلورو کی ایک پرائیویٹ کمپنی، فائدہ اٹھانے والے امیدواروں اور دیگر کے درمیان سازش کی اور سب انسپکٹرز کے عہدوں کے لیے تحریری امتحان کے انعقاد میں زبردست بے ضابطگیاں کیں۔یہ الزام لگایا گیا تھا کہ جموں، راجوری اور سامبا اضلاع سے منتخب امیدواروں کی غیر معمولی حد تک زیادہ فیصد تھی۔