سردیوں کے دوران مناسب بجلی کی فراہمی کی ہدایت دی
سرینگر//وزیر برائے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) ، ریونیو ، ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور الیکشنز مسٹر علی محمد ساگر نے آلسٹینگ کے 220/132/33 کے وی گرڈ سٹیشن کا دورہ کیا تا کہ بجلی کی فراہمی کے منظر نامے کا جائیزہ لیا جا سکے اور آنے والے موسم سرما کے مہینوں کیلئے محکمے کی تیاری کا اندازہ لگایا جا سکے ۔ دورے کے دوران وزیر نے گرڈ اسٹیشن کے کام کاج ، اس کی موجودہ صلاحیت ، بجلی کی تقسیم کے انتظامات اور خاص طور پر سرینگر اور گاندر بل اضلاع میں صارفین کو مناسب اور قابل اعتماد بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ سردیوں کے مہینوں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ غیر شیڈول بجلی کی کٹوتیوں کو کم سے کم کریں اور صارفین کو مقررہ کٹوتی شیڈول کے مطابق مناسب بجلی فراہم کریں ۔ انہوں نے زور دیا کہ موسم سرما میں بجلی کی بڑھتی ہوئی مانگ سے وابستہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موثر منصوبہ بندی ، بروقت دیکھ بھال اور فیلڈ فنکشنریز کے درمیان بہتر رابطہ کاری ضروری ہے ۔ وزیر نے چیف انجینئر ز اور دیگر سینئر افسران سے کہا کہ وہ مقامی نمائندوں اور رہائشیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں ، زمینی سطح کی ضروریات کا باقاعدگی سے جائیزہ لیں اورصارفین سے مثبت تاثرات کو یقینی بنانے کیلئے عوامی شکایات کو فوری طور پر حل کریں ۔ انہوں نے افسران کو کنگن اور ملحقہ علاقوں پر خاص توجہ دینے اور بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل کے حل کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ حکومت کی عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مسٹر ساگر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے مسائل کے تئیں جوابدہ رہین اور سرمائی موسم کے دوران قابلِ اعتماد اور مناسب بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام روری انتظامات پیشگی طور پر مکمل کر لیں۔










