سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک150میٹر لمبی سرنگ کاسراغ مل گیا،جموں میں الرٹ جاری

سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک150میٹر لمبی سرنگ کاسراغ مل گیا،جموں میں الرٹ جاری

سرحد ی باڑ سے 50 میٹر کے فاصلے پرکھودی گئی سرنگ کا دہانہ تقریباً 2فٹ تھا: ڈی آئی جی بی ایس ایف

جموں//سرحدی حفاظتی فورس(بی ایس ایف) نے جمعرات کہا کہ اس نے جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک سرحدکے آر پار سرنگ کا پتہ لگایا ہے۔بی ایس ایف حکام نے کہاکہ سرنگ کابروقت سراغ لگاکر آئندہ امرناتھ یاترا میں خلل ڈالنے کے پاکستان میں مقیم ملی ٹنٹ گروپوں منصوبوں کو ناکام بنا دیا گیا۔سانبہ ضلع میں سرحد کے نزدیک زیر زمین سرنگ کاسراغ لگائے جانے کے بعدجموں خطہ میں سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق بی ایس ایف حکام نے بتایا کہ 150 میٹر لمبی سرنگ کا پتہ بدھ کی شام جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں چک فقیرہ سرحدی چوکی کے تحت ایک علاقے میںلگایا گیا۔بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈی آئی جی ایس پی ایس سندھو نے کہاکہ سرحدکے آرپاراس سرنگ کی کھوج کے ساتھ، فورس نے جموں نے آنے والی امرناتھ یاترا میں خلل ڈالنے کے پاکستان میں مقیم ملی ٹنٹ گروپوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ بین الااقوامی سرحدکے بالکل نزدیک یہ سرنگ تازہ کھودی گئی تھی اور پاکستان کی طرف سے نکلی تھی۔ ڈی آئی جی بی ایس ایف، ایس پی ایس سندھو نے کہا کہ اس کا دہانہ تقریباً 2فٹ تھا اور اب تک21 ریت کے تھیلے، جو سرنگ کے باہر نکلنے کو مضبوط بنانے کیلئے استعمال ہوتے تھے، برآمد کئے گئے ہیں۔ڈی آئی جی ایس پی ایس سندھو نے کہا کہ آج سرنگ کی تفصیل سے تلاش کی جائے گی۔حکام کے مطابق 22اپریل کو جموں کے جموں کے سنجوان علاقے میں سی آئی ایس ایف کی بس پر حملہ کرنے اور ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو ہلاک کرنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے2 خودکش حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے تقریباً 15 دن بعد سرنگ کا پتہ چلا۔انہوںنے نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ زیر زمین سرنگ کو پاکستان میں مقیم کالعدم تنظیم جیش محمدکے 2 خودکش بمباروں نے ہندوستان میں گھسنے کیلئے استعمال کیا تھا۔سیکورٹی حکام کاکہناتھاکہ بین الاقوامی سرحد سے 150 میٹر کے فاصلے پر اور سرحدی باڑ سے 50 میٹر کے فاصلے پر ایک نئی کھودی گئی سرنگ پاکستانی پوسٹ چمن خورد (فیاض) کے سامنے ملی جو ہندوستان کی جانب سے900 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرنگ کا دہانہ سرحدی چوکی چک فقیرہ سے تقریباً 300 میٹر اور آخری ہندوستانی گاؤں سے700 میٹر کے فاصلے پر تھا۔بی ایس ایف جموں فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل ڈی کے بورا نے سرنگ کا پتہ لگانے میں فورسز افسروں وجوانوں کی لگن اور تندہی کی تعریف کی اور کہا کہ ڈیڑھ سال سے بھی کم عرصے میں سرنگ کا پتہ لگانے والی یہ پانچویں سرنگ ہے۔ ڈی کے بورا نے جموں میں نامہ نگاروں کو بتایاکہ یہ ہندوستان میں مصیبت پیدا کرنے کیلئے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کی بری حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے۔بی ایس ایف،فوج کے ساتھ مل کر بین الااقوامی سرحداور لائن آف کنٹرول کے تقریباً 192 کلومیٹر تک کام کر رہی ہے اور سرحد پار سے دہشت گردوں کی دراندازی، ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ اور ڈرون سرگرمیوں کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کر رہی ہے۔