موسمی صورتحال بعض اوقات یاترامیں حائل ہوتی ہے :ڈی جی پی دلباغ سنگھ
سری نگر//جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے امرناتھ یاترا کے پیش نظرکئے گئے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ8جولائی کوامرناتھ گھپا کے قریب پیداشدہ صورتحال کے بعدبچائو کارروائیوں میں فورسزکارول قابل سراہنارہا۔انہوںنے کہاکہ امرناتھ یاترابغیر کسی خلل کے پرسکون اندازمیں جاری ہے تاہم موسمی صورتحال کبھی کبھار تعطل کاباعث بن جاتی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے بال تل کے راستے یاترا کرنے والے یاتریوں کیلئے مختلف مقامات پرقائم بیس کیمپوںکادورہ کرکے یہاں دستیاب انتظامات کاجائزہ لینے کے بعد سنیچر کے روز سمبل بانڈی پورہ میں قائم بیس کیمپ کادورہ کیا۔پولیس چیف نے یہاں یاتریوں کیساتھ ملاقات کرکے اُنھیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔اس دوران یاترامیں شامل ہندئو خواتین نے ڈی جی پی دلباغ سنگھ کااستقبال کیا ۔بعدازاں ڈی جی پی نے دیگرپولیس حکام کے ہمراہ سری نگر بال تل روڑ پر کئے گئے سیکورٹی اوردیگرانتظامات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔انہوںنے پولیس افسروں سے کہاکہ وہ فورسزکیساتھ مکمل تال میل رکھ کر یاتریوں کومکمل تحفظ فراہم کریں اورسیکورٹی کے معاملے میں چوکنا رہیں ۔ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں کیساتھ مختصر بات چیت میں کہاکہ امسال اامرناتھ یاترااطمینان بخش اندازمیں جاری ہے ۔انہوںنے کہاکہ یاترا ٹھیک ٹھاک اندازمیں چل رہی ہے اورسیول وپولیس نیزفورسزایجنسیوں کے درمیان مکمل تال میل ہے ۔پولیس چیف کاکہناتھاکہ انہوںنے منی گام ،پنجترنی اوربال تل بیس کیمپوںکادورہ کرکے یہاں دستیاب انتظامات وسہولیات کاجائزہ لیا اوراسی سلسلے میں آج وہ سمبل بیس کیمپ آئے ہیں ۔ڈی جی پی نے کہاکہ یاترا کواحسن طریقے سے جاری رکھنے میں پولیس وفورسزشانہ بشانہ خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے 8جولائی کوامرناتھ گھپا کے قریب آئے سیلاب کاذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس دوران بچائو کارروائیوںمیں وہاں تعینات فورسزاوردیگر سیول وسیکورٹی اداروں کارول قابل سراہنا رہااورسب نے ملکر زخمیوں کووہاں سے نکال کر اسپتالوںمیں منتقل کیا۔ڈی جی پی نے کہاکہ موسمی صورتحال خراب ہونے سے بعض اوقات یاتریوںکی روانگی میں تاخیر ہوجاتی ہے ،بصورت دیگر امرناتھ یاترا 2022کے انعقاد میں کوئی رکائوٹ حائل نہیں ہے ۔










