ملک کوبیرونی اور اندرونی خطرات کا سامنا جس سے نمٹنے کیلئے متعلقین اکھٹے ہوں
سرینگر//وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز کہاکہ بھارت نہ صرف بیرونی خطرات سے دوچار ہے بلکہ اندرونی خطرات بھی درپیش ہیں اور سب سے بڑا مسئلہ سائبر سیکورٹی کا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سائبر سیکورٹی ملک کی سالمیت کیلئے ضروری ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو سائبر سیکورٹی کو قومی سلامتی کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ سائبر سیکورٹی کو یقینی بنائے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سائبر کرائم کی کوئی سرحد نہیں ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اس معاملے سے نمٹنے کے لیے اکٹھے ہوں۔انہوں نے یہاں I4C یا انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر کے یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سائبرسیکیوریٹی قومی سلامتی کا ایک لازمی حصہ ہے۔ ہمیں سائبر سیکیورٹی کو یقینی بنانا چاہیے کیونکہ سائبر سیکیورٹی کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت ہندوستان میں سائبر کرائمز سے نمٹنے کے لیے اگلے پانچ سالوں میں 5000 سائبر کمانڈوز کو تربیت دینے اور تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔سائبر اسپیس کو محفوظ بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے 46 فیصد ڈیجیٹل لین دین ہندوستان میں ہو رہے ہیں۔شاہ نے ملک میں سائبر کرائم سے لڑنے کے لیے I4C کے تحت چار پلیٹ فارمز کا بھی افتتاح کیا۔I4C وزارت داخلہ کے تحت 2018 میں قائم کیا گیا تھا۔اس کا بنیادی مقصد ملک میں سائبر کرائمز سے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک قومی سطح کا رابطہ مرکز قائم کرنا ہے۔










