زُبیر احمد نے بانڈی پورہ میں این ایم بی اے کی عمل آوری کا جائزہ لیا

زُبیر احمد نے بانڈی پورہ میں این ایم بی اے کی عمل آوری کا جائزہ لیا

بانڈی پورہ// کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر، پارکس اینڈ گارڈنززُبیر احمد نے ڈِی سی آفس کمپلیکس میں ضلع بھر میں اِنسدادِ منشیات کے اَقدامات کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ اندو کنول چِب ،سینئر سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس بانڈی پورہ اعجاز احمد زرگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ، ایس ڈِی ایم سنبل اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ کمشنر سیکرٹری جو ضلع بانڈی پورہ کے لئے ’ نشہ مُکت بھارت ابھیان(این ایم بی اے)کے ڈِسٹرکٹ سرپرست کے طور پر بھی خدمات اَنجام دیتے ہیں، نے خطاب کرتے ہوئے رضاکارانہ رِپورٹنگ کی ترغیب کے لئے عوامی اعتماد کو پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے پوست کی کاشت(خشخاش) کے مکمل ختم کرنے پر زور دیا اور نوجوانوں کو منظم پروگراموں کے ذریعے مسلسل مصروف رکھنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے نچلی سطح پر عوامی رسائی پروگراموں کو فروغ دینے، عوامی شمولیت پر مبنی ردِّعمل کو مضبوط بنانے اور اُمید ظاہر کی کہ مؤثر عمل آوری، عوامی بیداری اور مسلسل مشغولیت کے ذریعے معاشرے سے منشیات اور نشہ آوراشیاءکے اِستعمال کو ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔کمشنر سیکرٹری نے ضلعی اِنتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایکشن پلان کو جامع اور منظم قرار دیا اور ضلع ترقیاتی کمشنر کے فعال کردار کی سراہناکی۔اُنہوں نے نشے اور علاج سے متعلق بدنامی پر قابو پانے کی اہمیت پر بھی زور دیااور کہا کہ تمام شراکت داروں کی مشترکہ اور مربوط کوششیں دیرپا نتائج کے حصول کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں ضلع کی حکمت عملی، اب تک کی پیش رفت اور آنے والے روڈ میپ کا خاکہ پیش کیا گیا۔ بتایا گیا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے پہلے’ نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان ‘کے تحت 100 روزہ مہم کا آغاز کیا ہے جس کے بعد ضلعی اِنتظامیہ بانڈی پورہ نے ایک منظم ایکشن پلان کے ساتھ ضلع سطح کی مہم شروع کی۔اُنہوں نے وضاحت کی کہ ضلعی حکمت عملی مسلسل بیداری مہمات،’’ماں سے گفتگو‘‘ سیریز میں فرنٹ لائن ورکروں اور سیلف ہیلپ گروپوںکو شامل کرنے، مذہبی رہنماؤں کے تعاون سے جمعہ کے خطبات کے ذریعے پیغام رسانی، میڈیا کے ذریعے مؤثر تشہیر اور سخت نفاذی اقدامات پر مبنی ہے۔
سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس نے پولیس حکمت عملی کا خاکہ پیش کیا جس میں انٹلی جنس جنریشن، منشیات کی ضبطی، ہاٹ سپاٹ میں کمی، پوست کی کاشت کی نگرانی اور خاتمہ اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی۔چیف ایجوکیشن آفیسر اور یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آفیسر نے نوجوانوں میں مثبت رویوں میں تبدیلی اور تعمیری و کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی شرکت کی اطلاع دی۔ چیف میڈیکل آفیسر نے شناخت شدہ ہاٹ سپاٹس میں ٹیسٹنگ کی صورتحال پیش کی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری کی جانب سے منشیات کے خلاف حلف بھی دِلایا گیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بانڈی پورہ کی طالبات نے ایک بیداری گیت بھی پیش کیاجو مہم میں عوامی شرکت کی عکاسی کرتا ہے۔