خصوصی کیمپوں کا معائینہ کیا ، بی ایل اوز ، پی ای بی اوز ، مقامی رہائشیوں کے ساتھ بات چیت کی
اودھمپور//ریاستی الیکشن کمشنر جموں و کشمیر مسٹر شانت منو نے اودھمپور اور جموں اضلاع کا ایک وسیع دورہ کیا تا کہ پنچایت انتخابی فہرستوں 2026 پر نظر ثانی کی جاری پیش رفت کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ دورے کے دوران ریاستی الیکشن کمشنر نے ضلع اودھمپور میں پنچائت گھر ٹکری ، مانڈ ایسٹ اینڈ ویسٹ اور پنچائت گھر گرنائی کے علاوہ جموں ضلع میں پنچائت گھر جھجھر کوٹلی ، بی ڈی او دفاتر ڈنسال اور نگروٹہ میں خصوصی کیمپوں کا معائنہ کیا ۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے جاری خصوصی کیمپوں کا معائینہ کیا اور بوتھ لیول آفیسرز ( بی ایل اوز ) ، پنچائت الیکشن بوتھ آفیسرز ( پی ای بی اوز ) اور پنچائتوں کے ارکان سے بات چیت کی ۔ انہوں نے نظر ثانی مشق کی صورتحال اور پیش رفت کا جائیزہ لیا اور نئے اہل ووٹروں کے اندراج کے بارے میں رائے طلب کی ۔ مسٹرشانت منو نے پنچائت انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے ، حذف کرنے ، تصیح اور تبدیلی سے متعلق فارم جمع کرانے کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نظر ثانی کی مدت کے دوران تمام اہل ووٹروں کی شناخت کرنے ، رجسٹریشن میں سہولت فراہم کرنے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی مستحق ووٹر محروم نہ رہے ۔ اس مشق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ریاستی الیکشن کمشنر نے پنچائتی انتخابی فہرستوں میں تمام اہل ووٹروں کی صد فیصد شمولیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ، اس طرح انتخابی عمل میں شفافیت ، درستگی اور جامعیت کو تقویت ملے گی ۔ دورے کے دوران ریاستی الیکشن کمشنر نے زونل آفس ریلیف ( مہاجر ) اودھمپور اور جگٹی ٹاؤن شپ نگروٹہ میں خصوصی مہاجر کیمپوں کا بھی دورہ کیا اور معائینہ کیا ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے جاری پیش رفت پر رائے لی ۔ جگٹی ٹاؤن شپ کے مکینوں نے بھی ریاستی الیکشن کمشنر سے بات چیت کی اور انہیں ووٹر لسٹ کے عمل سے آگاہ کیا ۔ ریاستی الیکشن کمشنر کے ساتھ سیکرٹری ریاستی الیکشن کمیشن ، اے ڈی سی جموں ، اے ڈی سی اودھمپور ، متعلقہ بی ڈی اوز اور دیگر سینئر افسران اور اہلکاروں کے علاوہ پی آر آئی کے سابق ممبران اور متعلقہ علاقوں کے مقامی باشندے بھی تھے ۔










