روس کا Su-57 اسٹیلتھ جنگی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران تباہ

ماسکو/ایجنسیز// روس کا جدید ترین ففتھ جنریشن کا اسٹیلتھ جنگی طیارہ Su-57 معمول کی تربیتی پرواز کے دوران حادثہ کا شکار ہوکر گر کر تباہ ہوگیا، تاہم طیارہ کا پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ میڈیا کے مطابق روسی فضائیہ کا جدید ملٹی رول اسٹیلتھ فائٹر دارالحکومت ماسکو کے نواح میں واقع ایک دیہی علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوا۔ طیارہ تباہ ہونے سے قبل پائلٹ نے ایجیکشن سسٹم استعمال کرتے ہوئے اپنی جان بچائی اور اسے بعد ازاں طبی معائنے کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ کسی جنگی مشن کے بجائے معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔ طیارہ کے زمین پر گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اور متعلقہ ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ضروری کارروائی شروع کردی گئی۔ روسی وزارت دفاع کی جانب سے تاحال حادثہ کی وجوہات کے بارے میں باضابطہ اور تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جن کے ذریعہ یہ تعین کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ حادثہ کسی تکنیکی خرابی، انسانی غلطی یا کسی دوسرے سبب کے نتیجے میں پیش آیا۔ Su-57 کو روسی فضائیہ کے جدید ترین اور اہم جنگی طیاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔