روز گار میلہ : وزیر اعظم کے ہاتھوں 51ہزار سے زائد نوجوانوں میں تقرری نامے تقسیم

روز گار میلہ : وزیر اعظم کے ہاتھوں 51ہزار سے زائد نوجوانوں میں تقرری نامے تقسیم

نو منتخب سرکاری ملازمین ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت کی مہم کو مضبوط کرنے پر توجہ دیں / وزیر اعظم مودی

سرینگر / این این بی // بھارت سال 2047تک ترقی یافتہ ملک بننے کے ایک اہم ہدف کی جانب آگے بڑھ رہا ہے اور اس سفر میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے نو منتخب سرکاری ملازمین سے کہا کہ سرکاری خدمات انجام دیتے ہوئے انہیں ایسے فیصلوں پر توجہ دینی چاہیے جو ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت کی مہم کو مسلسل مضبوط کریں۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مختلف ممالک کے ساتھ کیے گئے آزاد تجارتی معاہدے ملک کے نوجوانوں کے لیے کیریئر اور روزگار کے نئے مواقع کے دروازے کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں کے ذریعے بھارتی کاروباری افراد کے لیے نئی شراکت داریوں اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے راستے ہموار ہوں گے۔سنیچروار کو ’روزگار میلہ‘ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں منتخب ہونے والے 51ہزار سے زائد نوجوانوں کو تقرری نامے بھی تقسیم کیے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت نے مختلف ممالک کے ساتھ 40آزاد تجارتی معاہدے کیے ہیں اور یہ معاہدے ملک کے نوجوانوں کے لیے امکانات کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی معاہدے کاروباری افراد کے لیے نئی شراکت داریوں کی راہ ہموار کرتے ہیں، نئی منڈیوں تک رسائی فراہم کرتے ہیں اور نوجوانوں کے لیے کیریئر کے نئے امکانات پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ہنر نے پوری دنیا کا اعتماد حاصل کیا ہے اور عالمی برادری کو بھارتی اختراع کاروں، کاروباری افراد اور ملک کی نوجوان طاقت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔برکس سربراہی اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ برکس تعاون صرف حکومتوں تک محدود نہ رہے بلکہ معاشرے کے مختلف طبقات اس میں فعال شراکت دار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد، کسان، خواتین اور نوجوان سبھی کو اس شراکت داری کا حصہ بننا چاہیے۔وزیر اعظم نے ملک کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو نوجوانوں کی صلاحیتوں اور توانائی کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اس وقت دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسٹارٹ اپس کی ترقی اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہی بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے شہروں تک بھی اس کا دائرہ وسیع ہو چکا ہے۔وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ ملک میں تسلیم شدہ اسٹارٹ اپس میں تقریباً نصف ٹائر-2 اور ٹائر-3 شہروں میں قائم ہیں۔ ان کے مطابق یہ رجحان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں نوجوان کاروباری صلاحیتوں اور اختراعی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت سال 2047تک ترقی یافتہ ملک بننے کے ایک اہم ہدف کی جانب آگے بڑھ رہا ہے اور اس سفر میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے نو منتخب سرکاری ملازمین سے کہا کہ سرکاری خدمات انجام دیتے ہوئے انہیں ایسے فیصلوں پر توجہ دینی چاہیے جو ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت کی مہم کو مسلسل مضبوط کریں۔انہوں نے نوجوان سرکاری ملازمین کو خاص طور پر دوسرے نوجوانوں کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس رکھنے کی تلقین کی۔ملک بھر میں روزگار میلے کے تحت 45 مقامات پر پروگرام منعقد کیے گئے، جہاں مختلف محکموں اور وزارتوں میں منتخب امیدواروں کو تقرری نامے فراہم کیے گئے۔سرکاری بیان میں کہا گیا کہ روزگار میلہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی ترقی کے سفر میں ان کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔