رشوت لینے میں مدد کے الزام میںپولیس کانسٹبل کو بھی حراست میں لیا گیا / ترجمان
سرینگر // رشوت خور ملازمین کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے اینٹی کورپشن بیورو نے کھریو پانپور میں نائب تحصیلدار کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا جبکہ اس کام میںنائب تحصیلدار کی مدد کے الزام میں پولیس کانسٹبل کو بھی حراست میں لیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق اینٹی کورپشن بیورو نے پانپور کے کھریو علاقے میں ایک نائب تحصیلدا ر کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا جبکہ اس کام میں اس کی مدد کیلئے پولیس کانسٹبل کو بھی حراست میں لیا گیا۔ اس ضمن میں اینٹی کورپشن بیورو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اے سی بی کو نائب تحصیلدارکھریو، ضلع پلوامہ کے خلاف ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ مذکورہ نائب تحصیلدار شکایت کنندہ سے 10 ہزار روپے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے ’’شکایت کنندہ نے تنازعہ کے تصفیہ کیلئے تحصیل آفس کھریو سے کئی بار رابطہ کیا، لیکن نائب تحصیلدار باز نہیں آئے۔ مزید برآں شکایت کنندہ کو مذکورہ نائب تحصیلدار کی جانب سے نوٹس کے ذریعے ہراساں کیا گیا‘‘۔ بیان میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ نے مذکورہ نائب تحصیلدار اور اس کے کلرک اعجاز احمد کے خلاف ضروری کارروائی کیلئے اے سی بی سے رجوع کیا۔ شکایت موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن اے سی بی اننت ناگ میں سیکشن 7 پی سی ایکٹ 1988 کے تحت ایف آئی آر نمبر 02/2024کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کرد ی گئی ۔ تفتیش کے دوران ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھا کر ملزم مقبول حسین ڈار سکنہ نوری پور، پٹن اس وقت نائب تحصیلدارکھریو، ضلع پلوامہ کو شکایت کنندہ اور سلکشن گریڈ کانسٹیبل اعجاز احمد سے 10ہزار روپے رشوت طلب کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب تحصیلدار کے ساتھ منسلک کو بھی جرم کی سہولت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، بیان میں کہا گیا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔










