بھٹا دھوریاں ( مینڈھر )//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے بھٹا دھوریاں میں ایک عوامی رابطہ پروگرام کا انعقاد کیا جہاں انہوں نے مقامی باشندوں سے بات چیت کی اور ان کی شکایات اور ترقی سے متعلق مسائل کو سُنا ۔ علاقے کے لوگوں نے وزیر کو سڑکوں کی رابطہ کاری ، پانی کی فراہمی ، بنیادی ڈھانچے اور دیگر ضروری خدمات سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ وزیر موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مسائل کو متعلقہ محکموں کے پاس بروقت حل کیلئے اٹھایا جائے گا ۔ لوگوں نے اسکول کی عمارتوں کی تعمیر و بہتری ، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن ، سڑکوں کی رابطہ کاری ، پانی کی فراہمی میں اضافہ ، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی انفراسٹرکچر کی ضروریات سے متعلق مطالبات اٹھائے ۔ مسٹر رانا نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے ساتھ گراؤنڈ لیول پر باقاعدہ رابطہ ان کے مسائل کو سمجھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ترقی معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خاص طور پر دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں عوامی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ان کے نوٹس میں لائے گئے مسائل کا جائیزہ لیں اور ان کے جلد حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں ۔ وزیر نے کلار سے شاہدرہ شریف تک کملا گلی کے راستے این ایچ 144 سڑک کا بھی معائینہ کیا اور اس اہم سڑک کی حالت اور اس کی بہتری کیلئے ضروری اقدامات کا جائیزہ لیا ۔ مسٹر رانا نے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ و ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رکاوٹوں کو دور کیا جائے ، ضروری کاموں میں تیزی لائی جائے اور سڑک کی بہتری کے اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ علاقے کی ضروریات کے مطابق جوابدہ رہیں اور رہائشیوں کو درپیش دشوار گذار علاقے اور رابطوں کی مشکلات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کاموں کو منصوبہ بند اور وقت کی پابندی کے ساتھ انجام دیں ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر پونچھ نے وزیر کو ضلع میں مختلف محکموں کی جانب سے نافذ کئے جا رہے مختلف حکومتی اسکیموں اور فلاحی پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی ۔










