رام بن اورریاسی میں بادل پھٹنے کاواقعہ

ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ ڈاکٹر فاروق کا اظہار تعزیت

سرینگر //رام بن اور ریاسی میں بادل پھٹنے کے واقعہ میںجاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین اور گریز میں آگ کی ہولناک واردات میں آگ متاثرین کے ساتھ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اظہار ہمدردی کی ہے ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق صدرجموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے رام بن اور ریاسی میں ایک درجن قیمتی جانوں کے زیاں جن میں ایک ہی کنبے کے 7افراد شامل ہیں بادل پھٹنے کے واقعہ سے ہوئی موت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ اب تک آفات سماوی سے متعدد قیمتی جانیں تلف ہوئی ہیں اورسیلابی صورتحال سے املاک اور مکانات زمین بوس ہوگئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہے اس پر صبر کرنا افضل ہے اور اللہ تعالیٰ ہی متاثرین کو اجر عظیم سے نوازے گا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی سرکار بھی متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے مصروف ہے ۔بدقسمتی سے ماحولیاتی توازن کے بگڑے خاص کر جنگلات کی کٹائی ،پہاڑوں کا توڑنا اور مٹی کے ٹیلے گرانا ،دریااور دیگر قدرتی جگہوں کو آلودگیہ سے پُر کرنا ہی ان آفتوں کی وجوہات ہوسکتی ہیں ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماحول درست رویہ اپناکر ماحول کے ساتھ کھلواڑ کرنے سے گریز کریں ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے دورافتادہ گریز کے تلیل علاقہ میں بھیانک آگ سے کئی ڈھانچے مکمل طور خاکستر ہونے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ۔انہوں نے اللہ سے دعا کی کہ ان بے گھر افراد کی مددومعاونت فرماکر ان کی بازآبادکاری کیلئے راہیں کھول دے ۔انہوں نے سرکارسے بھی اپیل کی کہ وہ ان متاثرین کی بھر پور امداد کرے تاکہ یہ موسم سرما سے قبل ہی اپنے مکانات تعمیر کرسکیں ۔ڈاکتر فاروق عبداللہ نے کہا کہ متاثرین اکثر پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ادھر پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمدساگر ۔معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال ،صوبائی صدر شوکت احمد میر ،زونل صدر سمالی کشمیر ڈاکٹر سجاد اوڑی ،سینئر لیڈر چودھری محمد رمضان اور ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے بھی گریز کے آگ متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ان کی فوری باز آبادکاری کیلئے سرکار سے اپیل کی ہے ۔ڈاکٹر عبداللہ نے مقامی ایم ایل اے نذیر احمد گریزی کو ہدایت دی ہے کہ وہ آتشزدگان کی بازآبادکاری کیلئے پیش پیش رہیں ۔