مقامی لوگوںنے سڑک کی مرمت کرنے والوں کیخلاف سخت برہمی کااظہار کیا
سرینگر///راجوری ضلع میں ہفتہ کے روز ایک دوشیزہ اُس وقت ہلاک ہوئی جب ایک نزدیکی پہاڑی سے پتھر گرآنے کے ایک واقعے میں وہ ایک پتھر کی زد میں آگئی ۔ وائس آف انڈیا ک مطابق جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ہفتہ کو ایک 13 سالہ لڑکی پتھر لگنے سے ہلاک ہو گئی۔حکام نے بتایا کہ شازیہ اختر بدھل کے علاقے میں اپنے ڈنڈوٹ گاؤں کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقے سے گزرتے ہوئے ایک لڑھکتی ہوئی چٹان سے ٹکرا گئی۔انہوں نے بتایا کہ لڑکی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ادھر مقامی لوگوںنے اس واقعے پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے گول سڑک کی اپ گریڈیشن کے کام میں مصروف نجی کمپنی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی مبینہ لاپرواہی سے ہی لڑکی فوت ہوئی ہے ۔ اس ضمن میں مقامی رہائشی منظور احمد نائیک نے کہاکہ تعمیراتی کمپنی کی جانب سے لاپرواہی اور غلفت کے نتیجے میں لڑکی کی موت واقع ہوئی۔ انہوںنے بتایا کہ ہم انتظامیہ سے کمپنی کے خلاف کارروائی شروع کرنے اور خاندان کو مناسب معاوضہ دینے کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز مٹی کے تودے گرنے سے سڑک بند ہوگئی، جو راجوری کو ضلع ریاسی سے جوڑتی ہے لیکن متعلقہ کمپنی نے اپنے جوانوں اور مشینری کو کام میں لاکر ملبہ ہٹا دیا۔تاہم پہاڑی سے پتھر برسانے کے باوجود، کمپنی نے سڑک پر نقل و حرکت کی اجازت دی جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔










