جنگجو جاں بحق، آپریشن جاری ،ارینہ سیکٹر میں مشتبہ ڈرون سرگرمی
سری نگر//جموں کے راجوری علاقے میں لائن آف کنٹرول پر فوج نے در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک ملی ٹینٹ مار گرایا ہے جبکہ علاقے میں آپریشن شام دیر گئے تک جاری تھا ۔ اسی طرح جموکے ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر مشتبہ ڈرون سرگرمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد یہاں بھی فورسز کی نقل حرکت کو بڑہا دیا گیا ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق فوج نے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کر ایک جنگجو کو ہلاک کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنگجووں نے راجوری کے لام نوشہرا سیکٹر میں ہفتے کی شام دراندازی کی کوشش کی جس کو فوج نے نا کام بنا دیا ہے جس دوران ایک جنگجومارا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بعد میں مہلوک جنگجو کی لاش برآمد کی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ راجوری سیکٹر میں دراندازی کے بعد حد متارکہ پر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ادھربارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اہلکاروں نے ارینہ علاقے میں بین الاقوامی سرحد پر ایک مشتبہ ڈورون کی سرگرمی دیکھتے ہی اس کی طرف گولیاں چلائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف اہلکاروں نے ایک مشتبہ ڈورن کے گھومنے کی آواز سنی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی مدد سے اس علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا۔










