سری نگر//راجوری ضلع میں جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو ایک جے اینڈ کے ایڈمنسٹریٹو سروس (جے کے اے ایس) کے خلاف ایف آئی آر درج کی جسے پہلے اس الزام کے بعد معطل کر دیا گیا تھا کہ اس نے ایک ماتحت افسر کے مذہب کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس) کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر (پنچایت) عبدالرشید کوہلی کو منگل کے روز راجوری کے ضلع مجسٹریٹ وکاس کنڈل نے معطل کر دیا تھا جنہوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پون پریہار کی سربراہی میں ایک کمیٹی کے ذریعہ معاملے کی تحقیقات کا حکم بھی دیا تھا۔ کمیٹی کو 15روز میں رپورٹ پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔معطلی اور اس کے بعد پولیس ایف آئی آر کا اندراج ایک ماتحت افسر کی شکایت کے بعد ہوا جس نے کوہلی پر یہ ریمارکس دینے کا الزام لگایا تھا جب وہ اپنے چار ماتحت افسران کے ساتھ منگل کی سہ پہر دفتری اوقات کے دوران ایک مقامی ریستوراں میں لنچ کر رہے تھے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ افسر نے سبزی خور کھانے کا آرڈر دینے کے بعد شکایت کنندہ کے مذہب کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا۔










