16بینک اکائونٹ،6کروڑ روپے کی لین دین ,SIAٹیموں کے کولگام اورجموںمیں چھاپے،کچھ اہم ریکارڈ وموادبرآمد
سری نگر//جموں و کشمیر کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے بدھ کے روز دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتارپولیس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل سے منسلک کئی مقامات پر چھاپے مارے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ بھیملی ٹنٹوں کی مالی معاونت میں ملوث تھا۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایاکہ محمد رمضان، جسے منگل کو گرفتار کیا گیا تھا، اس کے نام پر 16 بینک اکاؤنٹس ہیں جن میں کروڑوں کا لین دین ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 10 غیر ملکی موبائل نمبروں سے بھی رابطے میں تھا اور اس نے جعلی پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔حکام نے بتایا کہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) جموں ونگ کی ایک ٹیم نے بالترتیب کولگام اور جموں شہر کے بھٹنڈی علاقے میں محمد رمضان اور دوبئی میں مقیم ابو بکر کے گھروں پر چھاپے مارے اورتلاشیاں لیں ،جس دوران غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق کچھ اہم ریکارڈ اورکاغذات برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔حکام نے مزید کہاکہ SIA یہ دیکھنے کے لیے چھان بین کر رہی ہے کہ آیا وہ (رمضان) بھی ملی ٹنسی کی فنڈنگ میں ملوث تھا کیوں کہ اس کے کئی اکاؤنٹس ہیں جن میں کروڑوں کا لین دین ہوتا ہے۔یادرہے منگل کومحمد رمضان کی ضمانت سے انکار کرتے ہوئے،جموںکی ایک مقامی عدالت نے مشاہدہ کیا کہ پولیس نے اس کے 16 بینک کھاتوں کے بارے میں رپورٹ دی جس میں تقریباً 6 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز اور 10 غیر ملکی موبائل نمبروں سے اس کا رابطہ معاملے کی سنگینی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔پولیس کی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ محمد رمضان نے ممبئی، اتر پردیش اور گوا سمیت ملک کے کئی حصوں کا دورہ کیا تھا۔ اس نے متعدد موبائل ایپلی کیشنز اور وی پی این (ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک) کو مواصلاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔SIAنے یہ بھی پایا کہ محمد رمضان نے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے کئیPAN کارڈ حاصل کئے تھے۔ اس نے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک سفر بھی کیا۔










