7جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیشگوئی ، شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہونے کا امکان
سرینگر //بادشاہ چلہ کلان کے سخت تیور کے بیچ سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سرینگر کو چھوڑ کر، جموں و کشمیر کے دیگر تمام مقامات پر بھی رات کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گلمرگ میں منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ ادھر ٹھٹھرتی سردیوں سے لوگوں نے گھروں میں ہی رہنے کا ترجیح دی ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دنوں تک موسم مجموعی طورپر خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق شدید سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس دوران صبح و شام یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے عام زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔اگرچہ رات بھر آسمان کھلا رہتا ہے تاہم اس دوران کھلے آسمان کی وجہ سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ رات کے وقت ہڑیوں کو گلا دینے والی اس سردی کی وجہ سے بیشتر لوگ گھروں سے باہر نہیں آتے۔دن بھر اگر چہ کبھی کبھی فضاء میں سورج بھی جلوا ہ افروز ہوتا تاہم اس دوران بھی سرد ہواؤں کی لہر سورج کی تمازت کو کھا جاتی ہے۔شہر سرینگر سمیت وادی کے جنوب و شمال میں سردیو ں کی وجہ سے صبح دیر سے دن شروع ہوتا ہے اور شام کو جلد ہی رات ہونے کی وجہ سے اوقات کار میں بھی کمی آئی ہے۔ موسم سرماکی آمد کے ساتھ ہی وادی میں عام زندگی اگر چہ متاثر ہوتی ہے تاہم سخت ترین سردیوں اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوتا ہے۔ دریں اثناء سرینگر کو چھوڑ کر وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے گر گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام اور گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت رواں موسم کا سرد ترین درج کیا گیا جو بالترتیب منفی 9.4 ڈگری اور 8.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات کے 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ جبکہ کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ کپواڑہ قصبے میں پارہ منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں گزشتہ رات شمالی کشمیر کے علاقے میں منفی 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لداخ کے لیہہ اور کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی دوران اتوارکی صبح پینے کے پانی کے نل منجمند پائے گئے۔ کچھ ایک آبی ذخائر کو بھی جزوی طور پر منجمند پایا گیا۔ ادھر جموں میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، جس کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراؤٹ درج کی جاسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 8 جنوری تک جموں و کشمیر میں بنیادی طور پر خشک موسم کی توقع ہے۔










