Sunil Sharma

داچھن کشتواڑ میں دو ایس پی اوز کی ہلاکت انتہائی افسوسناک

کچھ عناصر اب بھی اپنی موجودگی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیںجو تشویش کا باعث / سنیل شرما

سرینگر / / این این بی // کشتواڑ کے دچھن میں دو اسپیشل پولیس افسران کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر رہنما سنیل شرما نے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کی معاونت کرنے والا پرانا نیٹ ورک ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے اور اس نظام کی باقیات اب بھی کسی نہ کسی شکل میں موجود ہیں۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق کشتواڑ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر رہنما سنیل شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بتدریج امن قائم ہو رہا ہے، تاہم مایوس دہشت گرد اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے دو ایس پی اوز کی ہلاکت کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اہلکار بدھ کے روز دھرنا سے کیار کی جانب سفر کر رہے تھے اور اس دوران گھنے جنگلاتی علاقے میں مبینہ طور پر دہشت گردوں نے انہیں اغوا کر لیا، جس کے بعد جمعرات کی صبح ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔سنیل شرما نے کہا کہ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ اگرچہ دہشت گردی کے عناصر کو کافی حد تک کمزور کیا جا چکا ہے، تاہم کچھ عناصر اب بھی اپنی موجودگی ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیںجو تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ خود کشتواڑ کی رکن اسمبلی شگن پریہار اور پارٹی کے ضلعی صدر کے ہمراہ جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہو رہے ہیں تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔وادی اور بالخصوص کشتواڑ میں اوور گراو ¿نڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کے نیٹ ورک کے دوبارہ سرگرم ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں سنیل شرما نے کہا کہ وہ اسے کسی بڑے نئے نیٹ ورک کا قیام نہیں کہیں گے، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردی کی معاونت کرنے والا پرانا نیٹ ورک ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو کسی نہ کسی سطح پر مدد فراہم کرنے والا نظام اب بھی موجود ہے اور اسی وجہ سے اس طرح کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نظام کی جو بھی باقیات موجود ہیں، انہیں بھی یقینی طور پر ختم کیا جائے گا۔ادھر کشتواڑ کی رکن اسمبلی شگن پریہار نے بھی اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں اہلکاروں کی لاشیں صبح تقریباً 8 اور 9 بجے برآمد ہوئیں۔ انہوں نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔