sarjan barkati

داؤدی ، ندوی اور ویری کے بعد اب سرجن برکاتی شوپیاں میں گرفتار

برکاتی نے رہائی کے بعد سے کسی بھی احتجاج میں حصہ نہیں لیا ۔ افراد خانہ

سرینگر//معروف مذہبی علماء مولانا عبدالرشید داؤدی اور مشتاق احمد ویری پر PSA کے تحت مقدمہ درج کیے جانے کے دو دن بعد اب ایک اور مشہور مذہبی مبلغ سرجن برکاتی کو ضلع شوپیاں میں گرفتار کیا گیا ہے۔سی این آئی کے مطابق سرجان برکاتی کے اہل خانہ میں سے ایک نے بتایا کہ انہیں پولیس نے آج صبح تقریباً 6:45 بجے گرفتار کیا۔انھوں نے کہا کہ جب سے انھیں رہا کیا گیا ہے، انھوں نے احتجاج میں حصہ نہیں لیا، کوئی تقریر نہیں کی اور وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ انھیں اب کیوں گرفتار کیا گیا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ برکاتی کو اکتوبر 2020 میں چار سال کی نظربندی کے بعد رہا کیا گیا تھا جب اسے 2016 میں حزب کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بغاوت کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پولیس نے تین اہم دینی لیڈران سمیت پانچ افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل کیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کشمیر کے معروف عالم دین مولانا مشتاق احمد ویری اور عبدالرشید دائودی کے علاوہ عبدالمجید ڈار المدنی ساکن خان پورہ بڈگام بیروہ کو بھی حراست لیکر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ تینوں افراد کے خلاف ملک مخالف تقاریر ، نوجوانوں کو اُکسانے اور دیگر ملک دشمن سرگرمیوں کی پاداش میں گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ ان کے علاوہ دیگر دو افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں بھی اسی قسم کی سرگرمیوں کی پاداش میں پولیس نے حراست میں لیکر پی ایس اے کے تحت جموں کے جیل منتقل کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی طرح مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہے اور کئی افراد کے خلاف چھان بین چل رہی ہے ۔