خوانچہ فروش ملک کی اقتصادی ترقی کی کہانی کا ایک لازمی جز بن گئے ہیں
سرینگر/ //ہاوسنگ اور شہری امور کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا ہے کہ خوانچہ فروش ملک کی اقتصادی ترقی کی کہانی کا ایک لازمی جز بن گئے ہیں۔ وہ نئی دلّی میں بھارت کے خوانچہ فروشوں کی قومی ایسوسی ایشن کی 16ویں میٹنگ (NASVI) سے خطاب کررہے تھے۔پوری نے اِس بات پر زور دیا کہ خوانچہ فروش ناجائز قبضہ کرنے والے نہیں ہیں، وہ خود کا روزگار کرنے والے اور نئے بھارت کے مجموعی خواب میں حصے دار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خوانچہ فروشوں کے معیشت کی ترقی میں شہروں کی غیر منظم معیشت کے ساتھ مضبوط رابطے ہیں۔ پوری نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خوانچہ فروشوں کے سب سے بڑے مددگار ہیں۔ وزیر موصوف نے اِس بات کو اْجاگر کیا کہ اِس مہینے کی 11 تاریخ تک 30 لاکھ سے زیادہ خوانچہ فروشوں کو بہت چھوٹے قرضوں کے طور پر تین ہزار 661 کروڑ روپے فراہم کئے جاچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب جبکہ ملک آزادی کے 75 سال کا جشن منارہا ہے۔ حکومت نے سبھی ریاستوں، میونسپل اداروں، شہری بلدیاتی اداروں کو ایک پیغام دیا ہے کہ وہ ملک بھر کے خوانچہ فروشوں کی سرگرم شراکت داری کے ساتھ سواندھی مہوتسو منائیں۔










