خالی اسامیاں بھرتی بورڈوں کو سپرد گی کا عمل

ہر سال15فروری تک منتقل کرنے کی دی ہدایت

سرینگر// محکموں میں براہ راست کوٹا کے تحت خالی اسامیوں کو پبلک سروس کمیشن اور سلیکشن بورڈ کو15 فروری تک ہر سال روانہ کرنے پرزور دیتے ہوئے حکام نے تمام محکموں کے انتظامی سیکریٹریوں کو ہدایت دی ہے۔حکام نے انتظامی سیکریٹریوں کی توجہ جموں کشمیر سیول سروس (اسامیوں کا حوالہ اور محکمانہ پروموشن کمیٹیوں کے اجلاسوں کا انعقاد)،ضابط، 2005 کی طرف مبذول کی ہے، جس میں، براہ راست بھرتی کے کوٹہ کے تحت آنے والی اسامیوں کوجموں اور کشمیر پبلک سروس کمیشن اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کو منتقل کرنے کے ضابطہ کے بارے میںمطلع کیا گیا ہے۔ سرکار نے ہر سال15جنوری تک بھرتیوں کیلئے اسامیوں کو متعلقہ بھرتی بورڈوں کو روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے، تاہم مشترکہ مسابقتی خدمات کے تحت خالی اسامیوں کا حوالہ موجودہ طریقہ کار کے مطابق جاری رہے گا۔سرکار کا کہنا ہے کہ تاہم، یہ دیکھا گیا ہے کہ محکمے ضابطے پر عمل نہیں کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں متعلقہ بھرتی ایجنسیوں کو اسامیوں کو پْر کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے اور اس عمل کو سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں کو بروقت بھرنے میں ایک بڑی رکاوٹ کے طور پر دیکھا گیا ہے۔حکومت نے تمام انتظامی محکموں سے درخواست کی ہے کہ جموں و کشمیر سول سروسز (اسامیوں کا حوالہ اور محکمانہ پروموشن کمیٹیوں کی میٹنگوں کا انعقاد)، رولز، 2005 کے حوالے سے مطلع کردہ ٹائم لائنز کے مطابق متعلقہ بھرتی کرنے والی ایجنسیوں کو اسامیوں کی سپردگی کو یقینی بنائیں۔ سرکار کا کہنا ہے کہ براہ راست کوٹا کے تحت اسامیوں کو بھرتی ایجنسیوں کو منتقل کرنے کے عمل کو15جنوری سے2ماہ قبل شروع کیا جائے جبکہ نان گزیٹیڈ یا درجہ چہارم کی منتقل کی جانی والی اسامایوں کی تجویز محکمہ خزانہ کو منظوری کیلئے15جنوری سے ایک ماہ قبل کی جائے۔ سرکار نے کہا ہے کہ تمام انتظامی محکمے ایک نوڈل افسر کو نامزد کریں گے جو اسپیشل یاایڈیشنل سکریٹری کے درجے سے نیچے نہ ہو، اور جموں و کشمیر سول سروسز کے قاعدہ 4 (اسامیوں کا حوالہ) کے مطابق اور محکمانہ پروموشن کمیٹیوں کے اجلاسوں کا انعقاد)، رولز، 2005 کے مطلع شدہ وقت کے اندر طریقہ کار کو مکمل کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔۔ ایسے نوڈل افسروں کی تفصیلات ان ہدایات کے نوٹیفکیشن کے 7 دنوں کے اندر جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کی جائیں گی۔