سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج کہاکہ حکومت جموں و کشمیر کے تمام شہریوں کو جدید ترین اورل ہیلتھ اورر ڈینٹل خدمات فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اِس کے علاوہ ایل جی کی زیر قیادت انتظامیہ مختلف معاونت والی اور سبسڈی والی سکیموں کے ذریعے ڈینٹل گریجویٹس کو اپنے ڈینٹل کلینک قائم کرنے اور سرکاری شعبے میں تمام خالی اسامیوں کو پُر کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔مشیر موصوف نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں ٹیگو ر ہال میں 14ویں آئی ڈی اے جموںوکشمیر ڈینٹل کانفرنس کا اِفتتاح کرتے ہوئے کیا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَپنے خطاب میںلوگوں کی مجموعی فلاح و بہبود میں دانتوں کی صحت کے اہم کردار پر زور دیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈینٹسٹری کا شعبہ تمام افراد کے معیار ِزندگی کوبہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کرتا ہے ۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت مختلف معاونت والی اور سبسڈی والی سکیموں کے ذریعے جدید سیٹ اپ میں کلینک قائم کرنے کے لئے ڈینٹل گریجویٹوں کی مدد کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ اُنہوں نے شرکأ کو یقین دِلایا کہ ڈینٹل کلینک رجسٹریشن حاصل کرنے کے عمل کو بھی دیکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ گریجویٹ اپنا کلینک قائم کر سکیں۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے اس تقریب کے لئے آرگنائزنگ کمیٹی کی کوششوں کی بھی سراہنا کی اور ڈینٹل کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ سکل اَپ گریڈیشن پروگراموں اور کانفرنسوں کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں اورل ہیلتھ شعبے کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے اور سرکاری ہسپتالوں بالخصوص لاجسٹک اور آلات میں مجموعی بنیادی ڈھانچے میں کافی بہتری آئی ہے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کانفرنس ڈینٹل پروفیشنلوں کو خیالات کے تبادلے، ایک دوسرے سے سیکھنے اوراورل ہیلتھ کیئر کی بہتری میںاَپنا کردار ادا کرنے کے لئے ایک قابل ذکر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس اختراعات کو تلاش کرنے اور بہتر نگہداشت کے ساتھ مریضوں کی خدمت کے لئے ہمارے اِجتماعی علم کو بڑھانے کا ایک بہترین موقعہ بھی فراہم کرتی ہے۔ یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ کانفرنس میں دانتوں کے شعبے کے معروف ماہرین کی سربراہی میں مختلف سیشنز، ورکشاپس اور پینل مباحثے شامل ہیں۔ تبادلہ خیال کے موضوعات میں دانتوں کی ٹیکنالوجی میں تازہ ترین پیش رفت، اورل ہیلتھ کی تعلیم اور احتیاطی نگہداشت میں دانتوں کے ڈاکٹروں کا کردار شامل ہیں.کانفرنس میں گورنمنٹ ڈینٹل کالج سری نگر کے فیکلٹی اور جموں و کشمیر کے پیریفرل ہیلتھ انسٹی چیوٹ کے ڈینٹل کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔










