کپواڑہ// سسٹمیٹک ووٹرز ایجوکیشن اینڈ الیکٹورل پارٹیسی پیشن (ایس وِی اِی اِی پی) کے تحت آج گورنمنٹ ڈگری کالج سوگام میں حلقہ کی سطح کا میگا بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔یہ پروگرام بالخصوص کپواڑہ کی خواتین اور پہلی بار آنے والے لوک سبھا اِنتخابات میں جوش و خروش سے حصہ لینے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔پروگرام کی صدارت ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر سویپ (سی اِی او کپواڑہ) عبدالمجید ڈار نے کی۔ اس میگا پروگرام میں زون سوگام اور خمریال کے زیڈ اِی اوز اور پرنسپلوں کے علاوہ سینکڑوں خواتین بشمول نوجوان خواتین ووٹروںنے شرکت کی۔اِس موقعہ پر ڈی این او سویپ نے اسمبلی حلقہ لولاب کے رائے دہندگان کے جوش و خروش کو سراہا۔اُنہوں نے قوم کے مستقبل کی تشکیل میں اِنتخابی عمل کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ایک متحرک اور حقیقی عوامی جمہوریت کے قیام کے لئے رائے دہندگان کے اندراج اور ووٹنگ میں شرکت کی اہمیت پر زور دیا جہاں جوابدہی اور شفافیت ہو۔اُنہوں نے نچلی سطح پر زیادہ سے زیادہ اِنتخابی شرکت سے جمہوریت کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔اِس موقعہ پر مقررین نے نوجوانوں، خواتین بالخصوص نوجوان خواتین رائے دہندگان پر زور دیا کہ وہ آئندہ لوک سبھا اِنتخابات میں جوش و خروش سے حصہ لیں اور جمہوریت کی مضبوطی میں اَپنا حصہ اَدا کریں۔ اُنہوں نے ملک کی بہتری کے لئے اِنتخابی عمل میں خواتین کی فعال شرکت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس پروگرام کی مقامی فنکاروں کی طرف سے ثقافتی پروگرام، کامیابی حاصل کرنے والے طالب علموں کی سراہنا، ایس وی ای ای پی پرسکٹ اور مضمون نگاری کے مقابلے اہم خصوصیات تھے۔شرکأکو ووٹنگ کا حلف بھی دِلایا گیا۔










