رام بن// گورنمنٹ ڈگری کالج اکھرال نے سسٹمیٹک ووٹرز ایجوکیشن الیکٹورل پارٹیسی پیشن ( ایس وِی اِی اِی پی ) پروگرام کے تحت ایک خصوصی مہم ’’میرا پہلا ووٹ، دیش کے لئے ‘‘کا آغاز کیا ہے۔ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رام بن بصیر الحق چودھری کی رہنمائی اور نوڈل آفیسر ایس وِی اِی اِی پی (اے سی پی) اشفاق کانجی کی نگرانی میں اس کوشش کا مقصد نوجوانوں میں اِنتخابی شرکت کی اہمیت کو اُجاگر کرنا ہے۔اِس مہم کو جاری رکھتے ہوئے کالج طلبأ نے آج ایک بیداری مہم کی قیادت کی جس میں ’’میرا پہلا ووٹ دیش کے لئے‘‘ اور’’چناؤ کا پرو دیش کا گورو‘‘جیسی متحرک پینٹنگز اور موثر ٹیگ لائنز شامل ہیں جو ووٹنگ کے عمل میں موجود طاقت اور ذمہ داری کی بصری یاد دہانی کے طور پر کام کرتی ہیں۔اِس تقریب میں طلبأ ، فیکلٹی اور عملے کے اَرکان نے پرجوش شرکت کی جن میں بہت سے پہلی بار رائے دہندگان بھی شامل تھے۔کالج کے پرنسپل پروفیسر اِفتخار حسین نے جمہوری اَقدار کو فروغ دینے اور نوجوانوں میں شہری مصروفیت کو فروغ دینے کے لئے اِدارے کی ثابت قدمی پر زور دیا۔










