پولٹری فارم سے اُٹھنے والی بدبو سے بچے بیماری میں مبتلاء ، حکام خاموش
سرینگر// جنوبی ضلع پلوامہ کے درجنوں علاقوں میں قائم پولٹری فارم لوگوں کیلئے درد سر بن گیا ہے جبکہ اس پولٹری فارم سے اُٹھنے والی بدبو سے لوگوں کا جینا دوبھر بن جانے کے ساتھ ساتھ آس پاس کے بچے کئی طرح کی بیماریوں کے شکار ہوگئے ہیں ۔سی این آئی کے مطابق ضلع پلوامہ کے متعدد علاقوں میں پولٹری فارموں کے خلاف لوگوں نے سخت برہمی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پولٹری فارم سے اُٹھانے والی بدبو سے آس پاس کے لوگ کافی تنگ آگئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اس بدبو سے ہمارے بچے کئی طرح کی بیماریوں میں مبتلاء ہوئے ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ ہمارے یہاں کوئی مہمان بھی نہیں آتا کیوں کہ بدبو سے پریشان ہوکر وہ منٹوں میں ہی واپسی کا رُخ کرتا ہے جس پر ہمیں پشیماں ہونا پڑتا ہے ۔ سی این آئی نمائندے کے مطابق لوگوں نے کہا کہ اس ضمن میں اگرچہ اعلیٰ حکام سے کئی بار بات کی گئی تاہم انہوںنے اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ اس حوالے سے پولٹری فارم کے مالک نے بتایا کہ انہیں پولٹری فارم چلانے کیلئے متعلقہ محکمہ سے باضابطہ اجازت نامہ ملا ہے اور ان کا پولٹری فارم قانونی طریقے سے چلایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرمیوں کے ان ایام میں بھی ان پولٹری فارموں میں کام شد و دمد سے جاری ہے جس کے نتیجے میں گرمیوںکے ان ایام میں کافی بدبو آتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ان فارموںکو جلد از جلد بند کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائے ۔ تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔










