سرینگر/جموں کشمیر میں تعینات فوجی اہلکاروں میں خود کشی کے بڑھتے رجحان کے بیچ جموں کے ضلع راجوری میں تعینات ایک فوجی اہلکار نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ سی این آئی کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ راجوری میں تعینات فوج کے پیرا یونٹ کے ایک سپاہی این کے دیپک سنگھ نے مبینہ طور پر اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگرچہ فوجی اہلکار کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یونٹ میں تعینات فوجی اہلکار نے خود کی سروس رائفل سے گولیاں چلا کر زندگی کا کام تمام کر دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آ رہی ہے۔










