جموں وکشمیرمیں طول مدت سے جمہوریت کا فقدان ،عوامی منتخبہ حکومت کی غیر موجودگی سے لوگ پریشان

یہ الیکشن عوام کے پاس مرکزی حکومت کے فیصلوں کیخلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کا ایک بہترین موقع / ڈاکٹر فاروق

سرینگر // جموں وکشمیرمیں ایک طول مدت سے جمہوریت کا فقدان چلا آرہا ہے، ایک عوامی منتخبہ حکومت کی غیر موجودگی میں نہ صرف روز مرہ کی ضروریاتِ زندگی سے لوگ محروم ہیں بلکہ بڑے بڑے اداروں کا کام بھی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا کہ لوگوں میں اس افسرشاہی نظام کیخلاف زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے اور 5اگست 2019کے فیصلوں کو یہاں کے عوام نے قبول نہیں کیا ہے۔سی این آئی کے مطابق نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ٹیٹوال اور ٹنگڈار میں ورکرس کنونشنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمانی انتخابات 5اگست 2019کے بعد یہاں منعقد ہونا والے پہلا بڑا الیکشن ہے اور جموںوکشمیر کے عوام کے پاس مرکزی حکومت کے فیصلوں کیخلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم سوچ سمجھ کر اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں اور ملک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا تک یہ پیغام پہنچا دیں کہ جموںوکشمیر کے عوام نے 5اگست2019کے فیصلوں کو قبول نہیں کیا ہے۔ اس کے علاوہ عوام کے پاس اُن جماعتوں اور خودساختہ لیڈران کو بھی مسترد کرنے کا موقعہ موقع فراہم ہوا ہے جنہوں نے 2015میں بھاجپا کو یہاں لایا اور اس تاریخی ریاست کا تہیہ تیغ کردیا اور یہاں ہر کسی طبقے کے لوگوں کو مصائب، مشکلات اور پریشانیوں کے بھنور میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات کے اختتام پذیر ہونے کے ساتھ ہی اسمبلی الیکشن کا انعقاد ہونے والا ہے اور ہمیں آج سے ہی اس الیکشن کیلئے بھی تیاری کرنی ہوگی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر میں مکمل امن و امان اور خوشحالی کی متمنی ہے اور ہماری جماعت یہاں کے عوام کو آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی کیلئے ہر حال میں برسرجہد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں غیر یقینیت اور بے چینی کا خاتمہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے یہاں بندوق لاکر یہاں کے بے گناہ لوگوں کو موت کے گھاٹ اتروایا اور خود جاکر آر ایس ایس کی گود میں بیٹھ گئے وہ عوام کے کیا ہمدرد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر میں امن و استحکام کی بحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے کام کریگی اور ہر سطح پر لوگوں کی راحت رسانی کیلئے پیش پیش رہے گی۔ عوام کی ہر حال میں خدمت کرنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہا ہے اور پارٹی آج بھی اپنے سنہری اصولوں پر کاربند ہے۔