سری نگر//حالیہ کچھ دنوں کے برعکس جمعہ کو پوری وادی میں موسم خشک رہا،جبکہ سری نگرسمیت بیشتر علاقوںمیں دن کو زیادہ تروقت دھوپ نکلی ۔تاہم محکمہ موسمیات نے جمعہ کی سہ پہر سے شام تک کچھ مخصوص مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش اورتیز ہوائیںچلنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے پیش گوئی کی کہ3اور4جون کوبعددوپہر کچھ مقامات پرمختصروقت کیلئے بارش ہوگی ۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کچھ دنوں کے دوران وقفے وقفے سے درمیانی سے موسلا دار بارشیں ہونے نیز آسمان پر بادل چھائے رہنے کے بعد جمعہ کوصبح سے ہی عمومی طور پرکشمیرمیںمطلع صاف رہا،جس دوران دن کو زیادہ تروقت سری نگر سمیت شمال وجنوب کشمیرمیں دھوپ نکلی ۔دھوپ نکلنے سے درجہ حرارت میں کافی بہتری آئی ،جو حالیہ کچھ دنوں میں تنزلی کاشکار ہوا تھا۔گائوں دیہات میں کسان،زمیندار اورکاشتکار اپنے میوہ باغات اورکھیتوںمیں کام کرتے دیکھے گئے ۔انہوںنے دواپاشی کرنے کیساتھ ساتھ کیڑے مار ادویات کاچھڑکائو بھی کیا جبکہ اس دوران دھان کی فصل بھی بوئی گئی ،اورجن کھیتوںمیں بارشوں کا پانی زیادہ جمع ہواتھا،وہاں سے اضافی پانی کی نکاسی بھی کی گئی ۔اُدھر محکمہ موسمیات نے بھی کہاکہ جمعہ کے روز کشمیر کیساتھ ساتھ جموں خطے میں بھی موسم خشک اورخوشگوار رہا۔تاہم ایک بیان میں متعلقہ محکمے نے بتایاکہ جمعہ کوبعددوپہر یا سہ پہر سے شام تک کچھ مخصوص مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش اورتیز ہوائیںچلنے کاامکان ہے۔تاحال کسی بھی علاقے سے بارش ہونے یا تیز ہوائیں چلنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے مزیدکہاکہ 3اور4جون کودوپہرتک موسم مجموعی طورپرخشک رہنے کاامکان ہے اوربعددوپہر کچھ مقامات پرمختصروقت کیلئے بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ نے مزید بتایاکہ 5سے10جون تک موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا لیکن مختصر وقفے سے گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش ہونے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کیلئے جاری اپنی ایڈوائزری میں کہاکہ کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 5جون سے صبح کے اوقات میں باغات اورکھیتوںکے تمام کام انجام دیں۔










