سری نگر//جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج جسٹس تاشی ربستن نے جو ضلع سری نگر کے اِنتظامی جج بھی ہیں، نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے ڈسٹرکٹ کورٹ سری نگر کے کانفرنس ہال میں سری نگر میں تعینات جوڈیشل اَفسران کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔پی آر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سری نگر جواد احمد نے جسٹس تاشی ربستن کو متعلقہ اعداد و شمارسے عدالتوں کے کام کے بارے میں آگاہ کیا اوراُنہوں نے عدالتی اَفسران کو درپیش مختلف مسائل پر بھی روشنی ڈالی ۔جسٹس تاشی ربستن نے ججوں سے خطاب کیا اور عدالتوں کے کام کا ج کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے جج صاحبان کو بغور سننے کے بعد مسائل کو مختصر وقت میں حل کرنے کی یقین دہانی کی ۔ اُنہوں نے ججوں کو معاشرے میں ان کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ معاشرے کو اَپنا بہترین کام دیں اور اِدارے کے وقار او رعزت کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے مقدمات کو جلد نمٹانے اور پرانے مقدمات کو ٹارگٹ کرنے پر زور دیا تاکہ ان کو تیزی سے نمٹایا جاسکے ۔ معزز جج صاحبان نے عدالتی اَفسران کے ساتھ ان کے چیلنجوں کو سمجھنے کے لئے بات چیت بھی ۔اُنہوں نے جموں وکشمیر یوٹی کی عدلیہ کی بالعموم اور ضلع سری نگر کی بالخصوص لوگوں کو منصفانہ اور مؤثر اِنصاف فراہم کرنے کے عزم پر زور دیا۔اِس سے قبل پرنسپل ڈسٹرکٹ جج سری نگر جواد احمد نے جسٹس تاشی ربستن کا والہانہ اِستقبال کیا۔ اِس موقعہ پر جسٹس تاشی ربستن کا جموںوکشمیر پولیس کے دستے کی طرف سے رسمی گارد آف آنر پیش کیا گیا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ ایند سیشن جج سری نگر نے جسٹس تاشی ربستن کا والہانہ اِستقبال کیا اور ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر کا دورہ کرنے کے لئے ان کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے سری نگر میں اِنصاف کے مقصد کو آگے بڑھانے میں جسٹس تاشی ربستن کی طرف سے فراہم کردہ رہنمائی اور تعاون کا بھی اعتراف کیا۔










