سری نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج ایس کے آئی سی سی سری نگر میںمحکمہ باغبانی کی منصوبہ بندی و مارکیٹنگ جے اینڈ کے کی طرف سے منعقدہ بائیر ۔سیلر میٹنگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اِس تقریب کا موضوع ’’جموں و کشمیر میں باغبانی مارکیٹنگ کی تبدیلی‘‘ تھا جس میں محکمے کی کامیابیوں، اِقتصادی اثرات اور باغبانی شعبے میں مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور فصل کی کٹائی کے بعد کے اِنتظامات کو بہتر بنانے کے لئے کی گئی مختلف کوششوں کو اُجاگر کیا گیا۔اِس موقعہ پر وزیرموصوف نے باغبانی کی پیداوار، مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور مارکیٹنگ کے اَقدامات کی نمائش کرنے والے مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے کسانوں، باغبانوں، تاجروں، خریداروں اور دیگرشراکت داروں سے روبرو گفتگو کی اور مارکیٹنگ کی سہولیتوں، فصل کے بعد کے اِنتظامات، مارکیٹ سے رابطوں اور اس شعبے کے سامنے موجود مسائل کے بارے میں ان کی رائے لی۔جاوید احمد ڈار نے اَپنے گفتگو میں باغبانی مارکیٹنگ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور کسانوں کے لئے بہتر، شفاف اور کسان دوست مارکیٹنگ کے نظام کے قیام پر زور دیا تاکہ کاشتکاروں کوبہتر منافع یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے باغبانی کی پوری ویلیو چین ، پیداوار اور فصل کے بعد ہینڈ لنگ سے لے کر مارکیٹنگ اور حتمی مارکیٹ تک رسائی تک کو بہتر بنانے کے لئے تمام شراکت داروں کے درمیان مربوط کوششوں پر زور دیا۔اُنہوں نے ویلیو ایڈیشن، جدید مارکیٹ سہولیات، سائنسی پوسٹ ہارویسٹ مینجمنٹ اور خریدار بیچنے والے مضبوط روابط پر زیادہ توجہ دینے پر بھی زور دیا۔جاوید احمد ڈارنے کہا کہ باغبانی جموں و کشمیر کی دیہی معیشت کا اہم حصہ ہے اور یہاں کی بڑی آبادی کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ اُنہوں نے فصل کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنے، ہینڈ لنگ اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات کو بہتر بنانے اور مقامی پیداوار کے لئے وسیع اور زیادہ منافع بخش مارکیٹوں تک رسائی کے لئے مسلسل اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر رکن اسمبلی سری گفوارہ ۔ بجی بہاڑہ بشیر احمد شاہ ویری، ممبر اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی ، ُرُکن قانون ساز اسمبلی بانڈی پور نظام الدین بٹ ، ایم ایل اے سوناواری ہلال اکبر لون ، ایم ایل اے اننت ناگ ویسٹ عبدالمجید بٹ (لارمی)،ممبر اسمبلی لنگیٹ شیخ خورشید،ممبراسمبلی شانگس ۔ اننت ناگ ایسٹ ریاض احمد خان، ایم ایل اے سوپور اِرشاد رسول کار، ایم ایل اے واگورہ۔کریری عرفان حفیظ لون اور متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔










