مینڈھر //جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر مسٹر جاوید احمد رانا نے پیر کے روز منکوٹ میں ایک کمیونٹی سہولت مرکز ( سی ایف سی ) کا افتتاح کیا اور علاقے کے عوامی رابطے کے دورے کے دوران زیر تعمیر اسپورٹس اسٹیڈیم کا معائینہ کیا ۔ سی ایف سی جو کہ دیہی ترقی محکمے کی طرف سے 17 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے جس کا مقصد متعدد عوامی خدمات اور کمیونٹی سرگرمیوں کو ایک چھت کے نیچے لا کر نچلی سطح پر حکمرانی اور خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانا ہے ۔ جاوید رانا نے سی ایف سی کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ’’ عمر عبداللہ کی قیادت میں ہماری حکومت لوگوں کو تمام ضروری خدمات ان کے دروازے پر پہنچانے کی تمام کوششیں کر رہی ہے اور دور دراز علاقوں میں سی ایف سیز کا قیام ان اقدامات کا ایک حصہ ہے ۔ ‘‘ وزیر نے منکوٹ میں 58 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے زیر تعمیر کھیلوں کے اسٹیڈیم کی جاری تعمیر کا بھی معائینہ کیا۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے اس کی تکمیل کو مقررہ مدت کے اندر یقینی بنائیں ۔ دورے کے دوران متعدد وفود اور افراد نے وزیر سے ملاقات کی اور مختلف عوامی اور ترقیاتی مسائل پر روشنی ڈالی ۔ گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کی طالبات کے ایک وفد نے ایک یاداشت پیش کی جس میں لڑکیوں کے ہوسٹل اور کثیر المقاصد ہال کی ضرورت سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا گیا ۔ وزیر نے وفود کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ مناسب کارروائی کیلئے ان کے حقیقی تحفظات کا ترضیھی بنیاد پر جائیزہ لیا جائے گا ۔










