نئی دہلی/یو این آئی//جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے 75 سے زائد درجے ترقی کی اور عالمی سطح پر 686ویں مقام پر پہنچ گئی۔ ریلیز کے مطابق اس باوقار عالمی درجہ بندی میں جامعہ کو ہندوستان کی ٹاپ 20 یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا ہے ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے اس کامیابی پر جامعہ برادری کو مبارکباد پیش کی ۔کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی مسلسل ترقی کا سفر اس طرح رہا ہے :2024 میں عالمی درجہ بندی 951-1000 ، 2025 میں 851-900 ،2026 میں 761-770،اور اب 2027 میں جامعہ 686ویں عالمی مقام تک پہنچ گئی ہے ۔کیو ایس رینکنگ میں یہ بہتری جامعہ کی بڑھتی بین الاقوامی ساکھ و علمی برادری کی مشترکہ کوششوں کی عکاس ہے ۔ اس کامیابی کے اہم عوامل میں عالمی درجہ بندی میں بہتری (686)، مجموعی اسکور میں اضافہ (25.9) ، تحقیقی مقالوں کے حوالے (Citations) میں نمایاں اضافہ، تعلیمی شہرت میں بہتری، بین الاقوامی طلبہ کے اندراج میں اضافہ، فارغ طلبہ کے روزگار کے بہتر امکانات اور مختلف شعبوں میں تحقیقی پیداوار میں خاطر خواہ وسعت شامل ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے کہا کہ عالمی سطح کی ممتاز جامعات میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی شمولیت اس کی اعلیٰ، معیاری اور ہمہ جہت کارکردگی کا ثبوت ہے ، جسے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے مختلف اشاریوں کے ذریعے جانچا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں جامعہ کے تمام اساتذہ، محققین، سائنس دانوں اور طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جن کی غیر معمولی علمی خدمات اور معیاری تحقیق کی بدولت جامعہ نے کیو ایس رینکنگ میں اب تک کی اپنی بلند ترین پوزیشن حاصل کی ہے اور ملک کی 20 بہترین جامعات میں جگہ بنائی ہے ۔ ہم آئندہ برسوں میں مزید محنت کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے ۔رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے جامعہ کی اس شاندار بین الاقوامی درجہ بندی کا سہرا تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی انتھک محنت کو دیا ۔










