بھدرواہ//صوبہ جموں کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ قصبے میں جمعے کو مسلسل 9ویں روز بھی کرفیو نافذ رہا۔ حکام نے جمعے کے پیش نظر ضلع بھر کی مساجد کے باہر احتیاطی طور پر اضافی فورسز کو تعینات کردیا۔بتادیں کہ بھدرواہ قصبے میں بی جے پی کی معطل ترجمان نوپور شرما، کے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ بیان بزی کرنے سے پیدا شدہ فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیش نظر 9 جون کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔حکام نے جمعرات کو قصبے میں نافذ کرفیو میں وقفے وقفے سے5 گھنٹوں کی ڈھیل دی تھی جس دوران کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔جے کے این ایس کے مطابق جمعہ کوممکنہ احتجاجی مظاہروںکے پیش نظر حکام نے ضلع ڈوڈہ کے حساس قصبہ بھدرواہ میں جمعہ کے روز دوبارہ سختی کیساتھ کرفیونافذ کردیا۔اس دوران قصبہ بھدرواہ میں پولیس وفورسزکی اضافی نفری تعینات کرنے کیساتھ ساتھ جمعے کے پیش نظر ضلع بھر کی مساجد کے باہر احتیاطی طور پر اضافی فورسز کو تعینات کردیاگیا۔نماز جمعہ کے موقعہ پرمسلمانوںنے گستاخانہ بیانات پرسخت غم وغصے کااظہارکیا لیکن بھدرواہ یاضلع ڈوڈہ بشمول کشتواڑ ضلع کے کسی علاقے سے جلوس برآمد ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔حکام نے بتایاکہ جمعہ کادن امن وامان کیساتھ گزرا۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس و سول حکام نے صورتحال کی جائزہ میٹنگ کے میں جمعے کو کرفیو جاری رکھنے کا فیصلہ لیا تاکہ نماز جمعہ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر کی مساجد کے باہر احتیاطی طور پر اضافی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ حکام کی طرف سے قصبے میں احتیاطی طو پر کرفیو کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر جگہ جگہ اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق امن دشمن عناصر کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا جارہا ہے جنہوں نے قابل اعتراض مواد سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں طبقہ کے ذی عزت شہریوں کے ساتھ سول و پولیس کے سینئر آفیسران بات چیت کر رہے ہیں تاکہ قصبے میں امن و قانون کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔اْن کے مطابق خرمن امن میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور کئی ایک کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حالات پوری طرح سے قابو میں ہیں اور لوگ بھی انتظامیہ کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔خیال رہے 9جون کوکرفیو نافذ کئے جانے کے دن سے ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ وکاس شرما اور ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم کرفیو نافذ ہونے کے روز اول سے ہی بھدرواہ قصبے میں مسلسل خیمہ زن ہیں اور وہاں حالات پر باریک بینی سے نظر گذر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے امن و قانون کی صورتحال کو قائم رکھنے کی اپیل کی ہے اور یہ یقین دہانی کی ہے کہ علاقے سے بہت جلد تمام تر پابندیوں کو ہٹایا جائے گا۔










