modi

بھارت میں تیار کردہ اسلحہ نے دشمن کے خلاف اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا

آپریشن سندور نے بھارت کی دہشت گردی کے خلاف سخت پالیسی کو دنیا پر واضح کیا: وزیر اعظم مودی

سرینگر/وی او آئی//وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ‘آپریشن سندور’ نے پوری دنیا پر بھارت کی دہشت گردی کے خلاف سخت اور بیلچک پالیسی کو واضح کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت قومی مفاد میں جو بھی ضروری قدم ہو، بلا تامل اٹھاتی ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم مودی نے یہ بات سری نارائن گرو اور مہاتما گاندھی کے درمیان ہوئی تاریخی گفتگو کی صد سالہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بغیر کسی ملک کا نام لیے، انہوں نے کہا کہ حالیہ کارروائی کے دوران بھارت میں تیار کردہ اسلحہ نے دشمن کے خلاف اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ان کا کہنا تھا، “ہم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ جو بھی بھارتیوں کے خون سے ہاتھ رنگتا ہے، اس کے لیے دنیا میں کوئی پناہ گاہ محفوظ نہیں رہتی۔مودی نے مزید کہا کہ ان کی حکومت گزشتہ گیارہ برسوں سے ملک کو سماجی، اقتصادی اور دفاعی میدانوں میں مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کے مطابق اب بھارت دفاعی سازوسامان کے لیے غیر ملکی ملکوں پر کم انحصار کر رہا ہے اور ‘آتم نربھر بھارت’ کی راہ پر گامزن ہے۔وزیر اعظم نے بتایا کہ پہلگام میں شہریوں کے ہولناک قتل عام کے بعد، بھارتی فوج نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر صرف 22 منٹ کے اندر اندر ‘میڈ اِن انڈیا’ ہتھیاروں کے ذریعے کامیاب کارروائیاں کیں، جن سے دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پْرامید ہیں کہ مستقبل میں بھارتی ساختہ اسلحہ دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائے گا۔وزیر اعظم نے اپنی حکومت کی فلاحی اسکیموں جیسے رہائش، صاف پانی اور صحت بیمہ کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان اقدامات سے محروم طبقات کو بااختیار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے گیارہ سالوں میں آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور ایمس جیسے اداروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔