محبوبہ مفتی ، ان کی والدہ اور بیٹی کے علاوہ پرینکا گاندھی بھی یاترا میں شامل ہوئیں
سرینگر / /جنوبی قصبہ اونتی پورہ سے بھارت جوڑو یاترا کی پھر سے شروعات ہو گئی ہے ۔ سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ یاترا اونتی پورہ سے شروع ہوئی جس دوران پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے یاترا میں ان کی والدہ اور بیٹی شامل ہوئی جبکہ اس کے بعد لیتہ پورہ میں پرینکا گاندھی یاترا میں شامل ہوئیں ۔ سی این آئی کے مطابق سیکورٹی وجوہات کی بنا پر جنوبی ضلع اننت ناگ کے کھنہ بل علاقے میں یاترا کو روک دینے کے بعد سنیچروار کی اعلیٰ الصبح کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی سربراہی میں بھارت جوڑو یاترا اونتی پورہ کے چیرسو علاقے سے دوبارہ شروع ہوئی۔یاترا شروع ہونے کے ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، ان کی بیٹی التجا مفتی اور والدہ بھی اونتی پورہ یاترا میں شامل ہوئیں۔جس کے بعد یاترا چل کر لیتہ پورہ پہنچ گئی جہاں راہول گاندھی کی بہن اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی دیگر کانگریس لیڈروں کے ساتھ لیتھ پورہ کے قریب یاترا میں شامل ہوئیں۔ذرائع کے مطابق یاترا پیدل چل کر سرینگر کے پانتھ چوک علاقے میں پہنچ گئی جہاں یاترا روک دی گئی اور اتوار کی صبح پانتھ چوک سے یاترا بحال ہو کر سرینگر کی جانب روانہ ہو گی ۔ پارٹی کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پانتھ چوک علاقے میں یاتر ا پہنچ جانے کے بعد اس کو روک دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا آج پانتھ چوک ٹرک یارڈ پر ختم ہوگی اور آج اسی جگہ سے دوبارہ شروع ہوگی۔عہدیداروں نے بتایا کہ یاترا کی پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔خیال رہے کہ جمعہ کو راہول گاندھی اور کانگریس کے دیگر سینئر لیڈروں نے قاضی گنڈ کے علاقے میں سیکورٹی میں کوتاہی کا الزام لگایا، پولیس نے اس دعوے کی تردید کی۔










