20سال میں ہندوستان کی جی ڈی پی 38 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گی/ اجیت ڈوول
سرینگر / این این بی // بھارت تیزی سے ترقی اور تبدیلی کی جانب گامزن ہے اور ملک ایک شاندار مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے کی بات کرتے ہوئے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی اس تبدیلی کے دور میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) موجودہ تقریباً 4.015ٹریلین امریکی ڈالر سے بڑھ کر آئندہ 20 برسوں میں 38ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) روڑکی کی کانووکیشن تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول نے نے طلبہ سے کہا کہ وہ ایسے دور میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جہاں ہندوستان میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور ان کے مستقبل کے لیے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔قومی سلامتی مشیر نے کہا کہ ہندوستان تیزی سے ترقی اور تبدیلی کی جانب گامزن ہے اور ملک ایک شاندار مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی اس تبدیلی کے دور میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔اجیت ڈوول نے کہا کہ وزیر اعظم نے 2047 تک کے دور کو ”امرت کال“ قرار دیا ہے اور موجودہ دور واقعی ایک شاندار امرت کال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ جی ڈی پی 4.015 ٹریلین امریکی ڈالر ہے، جو آئندہ دو دہائیوں میں بڑھ کر 38 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔طلبہ کو زندگی میں بہادری اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے ڈوول نے بھگوان رام کی مثال پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ رشی وشوامتر نے راکشسوں کے خاتمے کے لیے رام کا انتخاب ان کی بہادری اور حوصلے کی وجہ سے کیا تھا۔قومی سلامتی مشیر نے اپنے ابتدائی پیشہ ورانہ دور کا ایک واقعہ بھی طلبہ کے ساتھ شیئر کیا، جب وہ سکم میں تعینات تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ایک شیرپا سے انہیں زندگی میں کامیابی کے حوالے سے تین اہم اصول سیکھنے کا موقع ملا۔ڈوول کے مطابق پہلا اصول یہ ہے کہ انسان کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ نقشے پر اس وقت کہاں کھڑا ہے، دوسرا یہ کہ اسے یہ واضح طور پر معلوم ہو کہ اسے کہاں پہنچنا ہے، جبکہ تیسرا اصول یہ ہے کہ منزل تک پہنچنے اور وہاں سے واپس آنے کے لیے صحیح راستے کا علم ہونا چاہیے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کے اہداف واضح رکھیں، اپنی سمت کا تعین کریں اور ان اہداف کے حصول کے لیے درست راستے کا انتخاب کریں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو گزشتہ ایک ہزار برس کی خوش نصیب ترین نسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے دور میں قدم رکھ رہے ہیں جہاں غیر معمولی مواقع اور تیز رفتار تکنیکی ترقی نے دنیا کو تبدیل کر دیا ہے۔ہندوستانی ٹیکنالوجی ادارہ روڑکی کی دو روزہ تقریب میں 2701 طلبہ کو اسناد دی گئیں۔اپنے خطاب میں اجیت ڈوبھال نے کہا کہ موجودہ نسل کو وہ مواقع حاصل ہیں جن کا تصور گزشتہ نسلیں بھی نہیں کر سکتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ شاید طلبہ اس بات سے پوری طرح واقف نہ ہوں کہ گزشتہ ایک ہزار برس میں وہ ایسی نسل ہیں جو سب سے زیادہ مواقع کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ ان سے پہلے کی نسلیں غلامی اور مختلف پابندیوں کے دور میں جدوجہد کرتی رہی ہیں۔ آج نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں حالات تبدیل ہوئے ہیں اور ان تبدیلیوں نے نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے راستے کھولے ہیں۔










