75 independence day

بھارت بہت جلد اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کرلے گا

وزیراعظم نے آزادی کا امرت مہوتسو کے عوامی تحریک بننے پر خوشی کا اظہار کیا

سرینگر//وزیراعظم نریندر مودی نے آج اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آزادی کے امرت مہوتسو نے ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے۔ آکاشوانی پر اپنے من کی بات پروگرام میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ زندگی کے ہر شعبے اور معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد آزادای کا امرت مہوتسو سے وابستہ مختلف پروگراموں میںحصہ لے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ من کی بات پروگرام کا 91واں نشریہ بے حد خاص ہے، کیونکہ بھارت بہت جلد اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کرلے گا۔ انھوں نے کہا کہ آج شہید اودھم سنگھ کا یوم شہادت بھی ہے۔ سی این آئی کے مطابق وزیراعظم نے عظیم انقلابی لیڈر شہید اودھم سنگھ اور ان تمام مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا جنھوں نے ملک کے لئے اپنی جانیں نچھاور کردی تھیں۔ جناب مودی نے کہا کہ اس مہینے ایک دلچسپ کوشش شروع کی گئی ہے، جسے آزادی کی ریل گاڑی اور ریلوے اسٹیشن کا نام دیا گیا ہے۔ اس کوشش کا مقصد آزادی کی جدوجہد میں لوگوں کو بھارتی ریلوے کے کردار کے بارے میں واقف کرانا ہے۔ ملک بھر کی 24 ریاستوں میں پھیلے ہوئے اْن 75 ریلوے اسٹیشنوں کی شناخت کی گئی ہے، جن کا بھارت کی آزادی کی تحریک میں تاریخی کردار رہا ہے۔ وزیراعظم نے لوگوں سے زور دے کر کہا کہ وہ اپنے قریبی ایسے تاریخی اسٹیشنوں میں سے ایک اسٹیشن کو ضرور دیکھنے جائیں۔ وزیراعظم نے آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت منعقد کی جارہی ہر گھر ترنگا مہم کے بارے میں گفتگو کی۔ وزیراعظم نے عظیم انقلابی رہنما بھیکاجی کاما کو یاد کیا، جن کا کردار ترنگے کو آخری شکل دینے میں بیحد اہم رہا ہے۔مودی نے کہاکہ آزادی کا امرت مہوتسو کا سب سے بڑا پیغام یہ ہے کہ ہر ایک شخص پوری ایمانداری کے ساتھ اپنا فرض نبھائے۔ حفظان صحت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے خلاف لڑائی اب بھی جاری ہے اور جامع حفظان صحت نظام میں بڑھتی ہوئی دلچسپی نے ہر فرد کو وبا سے نمٹنے میں مدد کی ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کے روایتی علاج کے طور طریقے، اس میں کافی مفید ہیں اور آیوش نے عالمی سطح پر بھی بڑا اہم رول ادا کیا ہے۔وزیراعظم نے من کی بات کے اس نشریے میں ملک بھر میں منعقدہ مختلف تقریبات اور میلوں کو بھی اجاگر کیا۔ جناب مودی نے مختلف ریاستوں میں قبائلی برادریوں کے متعدد روایتی میلوں پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے کا اس طرح کا پرانا تعلق ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو مستحکم کرنے میں کافی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے بھارتی کھلونے کی صنعت کی کامیابی کی کہانیوں کو مشترک کیا اور اس کا سہرا نوجوانوں، اسٹارٹ اپس اور صنعتکاری کو دیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں بیرون ملک سے آنے والے کھلونوں کی تعداد لگاتار کم ہوتی جارہی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ یہ پورا مہینہ کھلاڑیوں کے لئے بھی بیحد خاص ہے۔ انھوں نے پی وی سندھو کی تعریف کی، جنھوں نے حال ہی میں سنگاپور اوپن میں اپنا پہلا خطاب جیتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیرج چوپڑہ نے بھی بہترین کارکردگی کا لگاتار مظاہرہ کیا ہے اور انھوں نے عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے کہا کہ چنئی میں 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کی میزبانی کا شرف حاصل کرنا بھارت کے لئے بیحد اعزاز کی بات ہے۔انھوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ بھارت اکتوبر میں 17 برس سے کم عمر کی فیفا خواتین عالمی کپ کی میزبانی کرنے جارہا ہے۔ وزیراعظم نے دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی بات ختم کی، جن کے نتائج کا اعلان اس مہینے کے اوائل میں کیا گیا تھا۔