sucide

بڈگام میں نوجوان پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا

اہل خانہ کا قتل کا الزام، مکمل تحقیقات کا مطالبہ

سرینگر//چاڈورہ بڈگام میں اُس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک نوجوان کی لاش پُر اسرار طو رپر اس کے گھر کے نزدیک ہی پائی گئی جبکہ لواحقین نے قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کامطالبہ کیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے چاڈورہ کے علاقے وانگواس میں ہفتہ کی صبح ایک 23 سالہ نوجوان پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ایک نوجوان کی لاش گھر والوں کو آج صبح اس کے گھر کے قریب ملی اور اس کے مطابق پولیس کو اطلاع دی۔لاش کو موقع سے برآمد کیا گیا ہے اور اس کی شناخت شبیر احمد جہرہ ولد محمد یوسف جہرہ ساکنہ گوگجی پتھری وانگواس چڈورہ کے طور پر کی گئی ہے۔اس دوران اہل خانہ اور گاؤں والوں نے قتل کا الزام لگایا اور حکام سے معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ۔ ادھر اس واقعے کی وجہ سے علاقے میں سنسنی کا ماحول پھیل گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد جائے موقع پر پہنچ گئی ۔ لوگوں نے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔