بنگلہ دیش میں زیرتعلیم میڈیکل طالبہ ،7روز بعدزندگی کی جنگ ہارگئی

نعش کوگھر لانے کی ضروری کارروائی شروع

سری نگر//اننت ناگ کے علاقہ بجبہاڑہ سے تعلق رکھنے والی ایک میڈیکل طالبہ کی مبینہ طور پر بنگلہ دیش میں کالج ہوسٹل سے گرنے کے بعداسپتال میں دم توڑگئی ،متوفی کشمیری طالبہ بنگلہ دیش میں ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کر رہی تھی۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق گزشتہ منگل کوخوشبو منظور دُخترمنظور احمد ساکن کٹو بجبہاڑہ ، خواجہ یونس علی میڈیکل کالج بنگلہ دیشن میں کالج ہوسٹل کی عمارت سے گر گئی تھی اور بعد میں اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ کئی گھنٹے تک آئی سی یو میں رہنے کے بعد، بالآخر بدھ کی صبح وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔متوفی میڈیکل طالبہ کے لواحقین نے حکام سے آخری رسومات کے لئے اُسکی نعش کو واپس لانے میں مدد کرنے کی اپیل کی ۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم نے بتایا کہ وہ تمام متعلقہ دفاتر کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ طالبہ کی میت کو جلد از جلد واپس لایا جائے۔انہوںنے کہاکہ میں نے اس معاملے سے متعلق وزارت خارجہ، بنگلہ دیش میں ہائی کمیشن کے علاوہ ریزیڈنٹ کمشنر دہلی کے دفاتر سے بات کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متوفی لڑکی کا ایک بھائی عادل منظور پہلے ہی ڈھاکہ میں ہے اور وہ متعلقہ دفاتر کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے مزید کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ ضروری رسمی کارروائیوں کے بعد طالبہ کی میت کوجلد از جلد کشمیر بھیجاجائے گا۔