بنگال میں اسکول ویان۔ ٹرین تصادم ، 2طلبہ سمیت 3 ہلاک

بنگال میں اسکول ویان۔ ٹرین تصادم ، 2طلبہ سمیت 3 ہلاک

کولکتہ/ایجنسیز// مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں جمعہ کی صبح ایک دلخراش ریلوے حادثہ پیش آیا، جہاں ایک مسافر ٹرین نے اسکول وین کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں دو طلبہ سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ کئی دیگر طلبہ زخمی ہوئے ہیں۔یہ حادثہ صبح تقریباً 7 بجے بہرام پور کے قریب کرنا سبرنا ریلوے کراسنگ پر پیش آیا جہاں طلبہ کو اسکول لے جانے والی وین ریلوے لائن عبور کر رہی تھی۔ اسی دوران نمتیتا۔کٹوا مسافر ٹرین وین سے ٹکرا گئی۔حادثے کے بعد وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ زخمی طلبہ کو فوری طور پر مرشد آباد میڈیکل کالج ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔عینی شاہدین کے مطابق پہلے ایک ٹرین گزرنے کے بعد ریلوے پھاٹک کھول دیا گیا تھا، لیکن دوسری لائن پر آنے والی ٹرین سے قبل پھاٹک دوبارہ بند نہیں کیا گیا جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔واقعے کے بعد ریلوے پھاٹک پر تعینات اہلکار کی لاپرواہی پر سوالات اُٹھ رہے ہیں۔ پولیس اور ریلوے کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔