bilinkan

بلنکن کا اس ہفتے مشرق وسطیٰ کا تیسرا دورہ

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اس ہفتے مشرق وسطی کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں جو گزشتہ ماہ حماس کے ساتھ اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے انکا خطے کا تیسرا دورہ ہے۔
وہ منگل اور بدھ کو برسلز اور شمالی میسیڈونیہ کے مقام اسکوپئیے میں یوکرین پر مرکوز ان اجلاسوں میں شرکت کے بعد جہاں نیٹو ممالک اور یورپ میں امن اور سلامتی کی تنظیم یا او ایس سی ای کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ جمع ہو رہے ہیں، اسرائیل اور مغربی کنارے میں جائیں گے۔
اسرائیل ان یرغمالوں کی بتدریج رہائی کے بدلے جنہیں حماس نےسات اکتوبر کے اسرائیل پر اپنے حملوں کے دوران پکڑ لیا تھا اپنی فوجی کارروائیوں میں وقفہ دینے پر رضامند ہوگیا تھا۔
پہلی جنگ بندی پیر کو ختم ہونی تھی لیکن فریقین دو مزید دنوں کی جنگ بندی پر رضامند ہو گئے، جسکا مطلب یہ ہوا کہ جنگ بندی میں اضافی توسیع کی مدت اسی وقت ختم ہو رہی ہوگی جب بلنکن اسرائیل پہنچیں گے۔ امریکہ اس جنگ بندی میں مزید توسیع چاہتا ہے تاکہ غزہ میں زیادہ سے زیادہ انسانی امداد پہنچائی جا سکے جہاں اسکی شدید ضرورت ہے۔وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکہ کو امید ہے کہ جنگ بندی کے وقفے میں مزید توسیع ہو گی۔ لیکن اسکا انحصار حماس کی جانب سے یرغمالوں کی رہائی کا سلسلہ جاری رکھنے پر ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اور مغربی کنارے کے علاقے میں بلنکن بین الاقوامی قانو ن کی مطابقت میں اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بلنکن اسکے علاوہ باقی یرغمالوں کی رہائی کے لئے کوششیں جاری رکھنے، غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور غزہ میں شہریوں کے لئے امداد کی ترسیل میں تیزی لانے جیسے امور پر بھی بات چیت کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ بلنکن جنگ کے بعد کے غزہ کے لئے اصولوں، ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت اور جنگ کو پھیلنے سے روکنے جیسے امور پر بھی بات کریں گے۔متوقع طور پر مغربی کنارے میں بلنکن، صدر محمود عباس سے ملیں گے۔بلنکن اور دوسرے امریکی عہدیدار کہہ چکے ہیں کہ وہ باور کرتے ہیں کہ فلسطینی اتھارٹی کو جنگ کے بعد کے غزہ کی حکمرانی میں ایک اہم کردار ادا کرنا چاہئیے۔
اسرائیل اور مغربی کنارے کے بعد بلنکن علاقائی لیڈروں سے بات چیت کے لئے متحدہ عرب امارات جائیں گے۔ جہاں یہ لیڈر آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق سی او پی 28 سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لئے دوبئی میں جمع ہونگے۔