شوپیان میں جیش اور لشکر کے4مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق

برار آرگام بانڈی پورہ میں دن دہاڑے انکائونٹر،گڈورہ پلوامہ میں ٹارگٹ فائرنگ

2ملی ٹنٹ اورایک پولیس اہلکارازجان:آئی جی پی کشمیر وجئے کمار

بانڈی پورہ ،پلوامہ//شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے برار آرگام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں 2جنگجو مارے گئے ہیں۔آئی جی پی کشمیر وجئے کمار نے کہاکہ یہ دراندازی کرکے یہاں پہنچنے والے وہی ملی ٹنٹ ہیں ،جو11مئی کوضلع بانڈی پورہ کے سالیندر نامی جنگلی علاقہ میں جنگجومخالف آپریشن کے دوران فرار ہوئے تھے ۔اس دوران گزشتہ چوبیس گھنٹوںمیں ہوئے ٹارگٹ کلنگ کے دوسرے واقعے میں مشتبہ جنگجوئوںنے گڈورہ پلوامہ میں ایک پولیس اہلکار کوگولیوں کونشانہ بنایا،جوبعدازاں فوجی اسپتال میں دم توڑ بیٹھا ۔جے کے این ایس کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجئے کمار نے جمعہ کی سہ پہربتایاکہ بدھ کے روز بانڈی پورہ کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے والے2جنگجو آراگام بانڈی پورہ میں پھنس کررہ گئے تھے جن کو ماہلاک کیاگیا۔انہوںنے بتایاکہ 11مئی کوبانڈی پورہ ضلع کے سالیندر نامی جنگلی علاقہ میں انجام دئیے گئے جنگجومخالف آپریشن کے دوران ایک ملی ٹنٹ ماراگیا تھا ،تاہم حال ہی میں درانداز ی کرکے یہاں پہنچے دیگر دوجنگجو جنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔آئی جی پی کشمیر نے کہاکہ فرا رہونے والے دونوں جنگجوئوںکاسراغ لگایا گیا اورآج یہ دونوں برار آرگام میں پھنس گئے اور مارے گئے ہیں۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعے بعد دوپہر سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد بانڈی پورہ کے برار آرگام علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔جوں ہی فورسز علاقے میں پہنچی، چھپے ہوئے جنگجوئوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے تصادم کا آغاز ہوا۔ کشمیر زون پولیس نے بتایاکہ برارآرگام بانڈی پورہ میںمارے گئے دونوں جنگجوئوںکی وابستگی اور شناخت کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ اْنہوں نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔اس دوران جمعہ کی صبح جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گڈورہ علاقے میں جمعے کی صبح مشتبہ جنگجوؤں کے حملے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار یہاں ایک فوجی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پلوامہ کے گڈرورہ علاقے میں جمعے کی صبح جنگجوؤں نے ریاض احمد ٹھوکر ولد علی محمد ٹھوکر پولیس اہلکار پر ان کی رہائش گاہ کے نزدیک گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر ضلع ہسپتال پلوامہ پہنچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع ہسپتال سے موصوف پولیس اہلکار کو سری نگر میں قائم فوج کے92 بیس ہسپتال ریفر کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ کر دم توڑ گیا۔ کشمیر زون پولیس نے اس سلسلے میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ زخمی کانسٹبل ریاض احمد ٹھوکر زخموں کی تاب نہ لا کر جام شہادت نوش کر گیا،’ ہم شہید اہلکار کو شاندار خراج پیش کرتے ہیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے اہلخانہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘۔دریں اثنا واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔