گلمرگ میں گجراتی سیاح کی موت ،آنچی ڈورہ اننت ناگ میں نوجوان کی گھرمیں مبینہ خودکشی
سری نگر//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں بدھ کو ایک سڑک حادثے میں ایک معمر شخص جاں بحق ہوگیا۔جے کے این ایس کوملی اطلاعات کے مطابق 57سالہ غلام محمد بٹ ولد محمدامین بٹ ساکنہ کولگام ، آرونی بجبہاڑہ کراسنگ پر ایک آلٹو کار سے ٹرک کے تصادم کے بعد زخمی ہو گیا۔ اسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے۔اس دوران سیاحتی مقام گلمرگ میں گجرات کے ایک 55سالہ سیاح کی موت واقعہ ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ گجرات سے تعلق رکھنے والا55سالہ پٹیل ہس مکھ بھائی ساکنہ چانکیہ پوری سورت نامی سیاح بدھ کو گلمرگ میں بے ہوش ہو کر گر گیا۔انہوںنے بتایاکہ اس سیاح کوکونگڈوری گلمرگ میں دل کا دورہ پڑا،اوراُس کوفوری طور پر گلمرگ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُس کو مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے اس سلسلے میں مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔درین اثناء جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے آنچی ڈورہ علاقے میں منگل کی شام ایک نوجوان نے مبینہ طور پر پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ملی تفصیلات کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آنچی ڈورہ اننت ناگ کے رہنے والا ایک نوجوان (نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے منگل کی شام اپنے گھر میں مبینہ طور پر پھانسی لگا لی۔ذرائع نے بتایا کہ اس کے گھر والے اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے گئے جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔دریں اثناء پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔










