ایس آئی اے کی جانب سے اننت ناگ ، کولگام اور شوپیاں میں چھاپے ڈالے
سرینگر//ایک غیر مقامی شخص کی ہلاکت کیس کے سلسلے میں ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے منگل کو جنوبی کشمیر کے تین اضلاع اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں میں 11 مقامات پر تلاشی لی۔وائس آف انڈیا کے مطابق بجبہاڑہ میں گزشتہ ماہ ایک غیر مقامی شخص کی نامعلوم بندوق بردروں کے ہلاکت کی تحقیقات کے سلسلے میں ایس آئی اے کی جانب سے منگل کو جنوبی کشمیر کے متعدد مقامات پر چھاپے ڈالے گئے ۔ ایس آئی اے نے کہا کہ یہ تلاشیاں 17 اپریل 2024 کو جبلی پوٹا، بجبہاڑہ میں غیر مقامی چھاپڑی فروش راجہ ساہ کے قتل سے متعلق پی ایس بجبہاڑہ کے کیس ایف آئی آر نمبر 87/2024 کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تلاشی کے دوران کیس میں مختلف آلات بشمول موبائل فون، الیکٹرانک گیجٹس اور جاری تفتیش سے متعلقہ دستاویزات قبضے میں لے لی گئی ہیں جن کا مقدمہ کی تفتیش کے دوران فرانزک جانچ پڑتال اور تجزیہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ بجبہاڑہ میں ایک غیر مقامی چھاپڑی فروش کو نامعلوم بندوق برداروںنے گولی مار کر ہلاک کیا تھا ۔










