بانڈی پورہ //بانڈی پورہ پولیس نے ایک میوہ باغ سے نشیلی ادویات کی ایک بھاری مقداربرآمد کرکے یہاں گھنی جھاڑیوں میں اسکو چھپانے میں ملوث افرادکی بڑے پیمانے پرتلاش شروع کردی ہے ۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق پولیس کے جاری کردہ ایک بیان میں بتایاگیاکہ ایس ایس پی بانڈی پورہ محمدزاہد کی ہدایت پرتشکیل دی گئی پولیس کی ایک ٹیم جسکی نگرانی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرمحمدادریس اورسربراہی ایس ایچ ائو پولیس تھانہ بانڈی پورہ انسپکٹر شوکت احمد کررہے تھے ،کومنشیات ونشیلی ادویات کاغیرقانونی دھندہ کرنے والے سماج دشمن عناصر کیخلاف اُسوقت ایک بڑی کامیابی ملی ،جب پولیس کی ایک ٹیم نے ایس ایچ ائوکی قیادت میں ضلع بانڈی پورہ کے لاوے پورہ علاقہ میں واقع ایک میوہ باغ کی تلاشی لی ۔پولیس کویہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ باغ میں بڑی مقدار میں نشیلی ادویات چھپاکررکھی گئی ہے ۔میوہ باغ کی تلاشی کے دوران پولیس کی ٹیم نے گھنی جھاڑیوں میں چھپاکررکھی گئی نشیلی ادویات کی ایک بھاری مقدار برآمد کی ۔پولیس نے اپنے بیان میں بتایاکہ میوہ باغ کی جھاڑیوں سے پولیس کی ٹیم نے 12ہزارکے لگ بھگ نشہ آورکیپسول (Sposmo-Proxyvon) برآمد کرکے ضبط کیں ۔ان نشیلی ادویات کی بازار میں قیمت لگ بھگ 15لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔پولیس نے بتایاکہ میوہ باغ میں چھپائی گئی نشیلی ادویات بانڈی پورہ کے نوجوانوں کوسپلائی کرنا مقصودتھا۔بیان کے مطابق اس سلسلے میں پولیس تھانہ بانڈی پورہ ایف آئی آرزیرنمبر172/2021تحت این ڈی پی ایس ایکٹ ایک کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی گئی ہے۔پولیس نے بتایاکہ میوہ باغ کی گھنی جھاڑیوں میں نشیلی ادویات کی بھاری مقدار چھپانے میں ملوث افرادکی بڑے پیمانے پرتلاش شروع کردی گئی ہے،اوراس سلسلے میں کئی منشیات فروشوںکی گرفتاری متوقع ہے۔










