24 اکتوبر تک موسم عموماً خشک رہنے کا امکان، 25 اکتوبر سے بارش کی پیشگوئی
سرینگر / این این بی // بارشوں اور برفباری کے بعد موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 24 اکتوبر تک موسم عموماً خشک رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے 25 اکتوبر سے بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ ادھر شہرہ آفاق گلمرگ میں رواں موسم کا سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور پارہ 0.5 ڈگری سیلشس تک گر گیا۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وادی کے بالائی علاقوںمیں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں جم کر بارشوں کے بعد رات کے درجہ حرارت میںنمایاںکمی درج ہوئی جس دوران گلمرگ میں 0.5 ڈگری سیلشس کے ساتھ رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی ۔ موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 24 اکتوبر تک موسم عموماً خشک رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 اکتوبر سے 27 اکتوبر کے درمیان خطے کے بعض مقامات پر ہلکی بارش جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 16 اکتوبر کو موسم عموماً خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم اس دوران چند مقامات پر مختصر وقت کے لیے بارش ہوسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 17 اکتوبر سے 24 اکتوبر تک جموں و کشمیر میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران بڑے پیمانے پر بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، 25 اکتوبر سے 27 اکتوبر کے درمیان موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ اس دوران خطے کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہونے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے اس عرصے کے دوران گرج چمک اور تیز ہواو ¿ں کے چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔دریں اثنا، موسم کے خشک رہنے کی پیش گوئی کے پیش نظر کسانوں کو فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ چند روز تک موسم خشک رہنے سے کسانوں کو کھیتوں میں کام کرنے اور فصلوں کی کٹائی مکمل کرنے کے لیے سازگار حالات میسر آسکتے ہیں۔کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسم کی موجودہ پیش گوئی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیاں انجام دیں، کیونکہ 25 اکتوبر سے موسم میں تبدیلی اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔










