nia

این آئی اے کی کشمیر میںکارروائیاں

سات مقامات پر چھاپہ مارے،تلاشیاں لیں

سرینگر//یواین ایس/ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ کے روز کشمیر کے مختلف علاقوں میں سات مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ایک جاری تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی ہیں۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ این آئی اے کی ٹیموں نے ضلع کولگام میں دو، بانڈی پورہ میں تین جبکہ سوپور میں دو مقامات پر تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران مقامی پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے این آئی اے کی ٹیموں کی معاونت کی۔حکام کے مطابق یہ تلاشی کارروائیاں مبینہ سرحد پار دہشت گرد سازش سے متعلق ایک معاملے کی تحقیقات کا حصہ ہیں۔ اس معاملے میں پاکستان میں موجود مبینہ ہینڈلرز اور مقامی اوور گراؤنڈ ورکرز کے ایک نیٹ ورک کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، جن پر دراندازی کرنے والے دہشت گردوں کو لاجسٹک اور دیگر نوعیت کی مدد فراہم کرنے کا شبہ ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ یہ معاملہ سرینگر کے زکورہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر نمبر 0024/2026 سے شروع ہوا تھا، جسے بعد میں قومی تحقیقاتی ایجنسی نے دوبارہ درج کرتے ہوئے آر سی-02/2026/NIA/JMU کے طور پر رجسٹر کیا۔حکام کے مطابق کیس میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کی دفعہ 23، آرمز ایکٹ 1959 کی دفعات 7 اور 25 اور ایکسپلوسیو سبسٹنسز ایکٹ 1908 کی دفعہ 4 شامل کی گئی ہیں۔حکام نے بتایا کہ تلاشی کارروائیوں کے دوران کسی قسم کی برآمدگی یا دیگر پیش رفت کی تفصیلات فی الحال موصول نہیں ہوئی ہیں اور مزید معلومات کا انتظار ہے۔